پاکستان کی خوشی ہماری خوشی ،اردگان
اسلام آباد: ترک وزیرِاعظم،رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوشی ہماری خوشی اور پاکستان کے دکھ ہمارے دکھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔
پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، ترک وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں دونوں ممالک کے مقاصد یکساں ہیں۔ انہوں نے افغانستان میں قیامِ امن کے لئےپاکستان کے کردار کو سراہا۔
پاکستانی پارلیمنٹ کی تعریف کرتے ہوئے طیب اردگان نے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ جمہوریت کے لئے مضبوط اقدام اٹھارہی ہےجس نے عالمی جمہوریت میں بھی اپنا مقام بنالیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کام حکومت کو ہٹانا ہی نہیں ہوتااورحزبِ اختلاف کا جمہوریت میں اہم کردار ہوتا ہے۔
ترک وزیرِ اعظم نے گیاری سیکٹر میں برف تلے دبے فوجیوں کے لیے دعااور طیارے حادثے میں قیمتی جانوں کے زیاں پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت اصطلاحات کا دوسرا نام ہے اور جمہوری کلچر اب عالمی کلچر ہے۔
طیب اردگان نے کہا کہ یہاں آکر یوں لگتا ہے کہ جیسے اپنے بہن بھائیوں کے درمیان آگیا ہوں اور اپنا گھر جیسا ہی محسوس کررہا ہوں۔
ترک وزیرِ اعظم کے خطاب سے قبل، اسپیکر قومی اسمبلی، فہمیدہ مرزا نے ترک وزیرِ اعظم کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستانی پارلیمنٹ سے دوسری مرتبہ خطاب پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
ترک وزیرِ اعظم کے خطاب کے بعد، قومی اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے سربراہ، چوہدری نثار نے طیب اردگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان میں کوئی بھی حکومت ہو وہ ترکی سے مضبوط تعلقات چاہتی ہے۔