کوئٹہ بم دھماکوں میں تین افراد جاں بحق
کوئٹہ:ایئرپورٹ روڈ پر عالمو چوک کے قریب بم دھماکے میں تین افراد جاں بحق اور ایف سی کے آٹھ اہلکاروں سمیت پینتالیس افراد زخمی ہوگئے۔ عالمو چوک کوئٹہ کے ریڈ زون میں شامل ہے۔
کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ پر دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا، جس کیلئے عالمو چوک پر چیک پوسٹ کے قریب چالیس کلو دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔
دھماکہ اس وقت کیا گیا جب ایف سی کا قافلہ عالمو چوک کے قریب سے گزر رہا تھا۔
بم دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، کئی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ قریب کھڑی گاڑیوں کے پرزے دور دور تک بکھر گئے۔
دھماکے کے بعد فوری طور پر زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے دھماکے کے بعد عالمو چوک اور ملحقہ علاقوں کا محاصرہ کرلیا۔
عالمو چوک کوئٹہ شہر کی اہم گزرگاہوں میں شمار کیا جاتا ہے، یہ وہ مقام ہے جہاں سے ایئرپورٹ جانے والی ہر خاص وعام شخصیت کو گزرنا ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ علاقہ سیکیورٹی ریڈ زون میں شامل ہے۔