گیلانی کا غیرملکی چینل کو انٹرویو توہین آمیز تھا۔ نوازشریف
ٹھٹھہ : مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی جانتے ہیں کہ انھیں جانا پڑے گا۔ کرپشن کے کیسز کوئی معمولی بات نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ سے مزید مذاق برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ٹھٹھہ ميں ن ليگ کی جانب سے گو گیلانی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت مسلم لیگ ن سندھ کے صدر سید غوث علی شاہ کررہے تھے جبکہ ماروی میمن، سلیم ضیا اور دیگر رہنما بھی ریلی میں شامل تھے۔
ریلی سے ٹیلی فونک خطاب میں نوازشریف نے کہا کہ حکومت نے سندھيوں کو مہنگائی، ناانصافی، بدامنی اور لوڈشيڈنگ کے حوالے کرديا، اقتدار میں آکر سندھ کے عوام کے حالات بھی بدل دیں گے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ اب سندھ کے ساتھ مذاق برداشت نہيں کياجائے گا۔ سندھ ميں قانون کی حکمرانی بحال کی جائے گی،کرپشن میں ملوث سیاستدانوں کا کڑا احتساب ہونا چاہیئے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ گیلانی کا غیر ملکی چینل کو انٹرویو توہین آمیز تھا، وہ جانتے ہیں کہ انھیں وزارت عظمیٰ کا منصب چھوڑنا پڑے گا۔
ن لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کی یوسف رضا گیلانی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، وہ ملک کو انارکی سے بچانے کیلئے بناہر نکلے ہیں۔