طالبان سے تعلق پر تین پاکستانیوں کے اثاثے منجمد
واشنگٹن: امریکی حکام نے افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث طالبان اور دیگر تنظیموں سے تعلق کے الزام میں تین پاکستانیوں کے اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔
امریکی حکام نے کہا ہے کہ آدم خان اچکزئی، عامر علی چوہدری اور قاری ایوب بشیر کے امریکہ میں تمام اثاثے منجمد کر دیے ہیں اور امریکی شہریوں کو ان تینوں افراد سے کسی بھی قسم کا لین دین نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی حکام نے ایک بیان میں کہا کہ آدم اور عامر تحریک طالبان پاکستان کو بم فراہم کرنے میں ملوث رہے ہیں جبکہ بشیر نے افغانستان اور پاکستان میں ازبکستان اسلامک موومنٹ کو مالی مدد فراہم کی تھی۔
امریکہ کے دہشت گردی اور مالیاتی انٹیلی جنس کے انڈر سیکریٹری ڈیوڈ کوہن نے کہا کہ ان واقعات سے پتہ چلتا ہے کہ ہمیں افغانستان اور پاکستان میں دہشت کو مدد فراہم کرنے والے نیٹ ورک کو ختم کرنے کیلیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے خاص طور پر ان لوگوں پر جو بارودی مواد بنانے میں ملوث ہیں۔