' آفریدی نے پوری کوشش کی'
کولمبو: پاکستان کے کپتان محمد حفیظ نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں خراب کارکردگی دکھانے کے باوجود آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایونٹ میں پوری کوشش کی ہے۔
جمعرات کو کولمبو میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو سولہ رنز شکست دے دی تھی۔
اس میچ میں سابق کپتان آفریدی رنگنا ہیرات کی پہلی ہی گیند پر خراب شاٹ کھیلتے ہوئے بولڈ ہو گئے تھے۔
سولہ سال قبل اسی دن سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچوں میں تیز ترین سینچری بنانے والے پاکستانی کھلاڑی کل صرف مہلیا جے وردھنے کی وکٹ ہی حاصل کر سکے۔
پورے ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی غیر میعاری رہی، اور وہ بیٹنگ اور باؤلنگ کے دونوں شعبوں میں ناکام رہے۔
جارحانہ انداز میںکھیلنے کی وجہ سے مشہور آفریدی نے اس ایونٹ میں پانچ میچوں میں بلے بازی کرتے ہوئے محض تیس رنز اسکور کیے جبکہ چھ میچوں میں اپنی لیگ اسپن باؤلنگ کی بدولت وہ چار وکٹیں ہی حاصل کر پائے۔
حفیظ سے جب آفریدی کی پرفارمنس کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ میچ جتانے والے کھلاڑی ہیں، ان کی صلاحیتوں پر شبہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں آفریدی اس وقت خراب فارم میں ہیں۔
حفیظ کا کہنا تھا کہ آفریدی نے پورے ٹورنامنٹ میں سخت محنت کی ہے لیکن بدقسمتی سے حالات ان کے حق میں نہیں تھے۔
' بطور کپتان اور کھلاڑی مجھے معلوم ہے کہ کب حالات آپ کے حق میں نہیں ہوتے'۔
حفیظ نے مزید کہا کہ 'آفریدی اچھے انسان ہیں، وہ ہمیشہ محنت کرتے ہیں اور ان کے خیال میں وہ اپنی خراب فارم سے باہر آنے کی کوشش کر رہےہیں جو کہ ٹیم کے لیے ایک مثبت علامت ہے۔ اسی لیے انہیں تمام مواقع فراہم کیے گئے'۔