قومی و پنجاب اسمبلی ارکان کے اثاثہ جات
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی و پنجاب اسمبلی کے ارکان کے اثاثہ جات کی تفصیلات جاری کر دی۔ وزیر اعظم ڈھائی کروڑ جبکہ نور عالم خان بتیس ارب روپے کے اثاثہ جات کے ساتھ سب سے امیر ترین اور پیپلز پارٹی کے جمشید دستی غریب ترین رکن قومی اسمبلی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی دو کروڑ پینتیس لاکھ کے اثاثہ جات کے مالک ہیں۔ اور ان کے بینک اکاؤنٹ میں بانوے لاکھ روپے موجود ہیں۔ لیکن ان کے پاس ذاتی گاڑی نہیں جبکہ وزیراعظم کے بیٹے عبدالقادر گیلانی پانچ کروڑ تریسٹھ لاکھ روپے کے اثاثہ جات کے مالک ہیں۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نو سو چالیس کنال اراضی ،ایک ٹریکٹر اور دو گاڑیوں کے مالک ہیں ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے اسفند یار ولی کے اثاثے تین کروڑ روپے سے زائد ہیں۔ جبکہ چوہدری پرویز الٰہی کے اثاثہ جات کی مالیت بارہ کروڑ سے زائد ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے اثاثہ جات کی مالیت اڑتالیس کروڑ اکیس لاکھ روپے ہے۔ مونس الٰہی تیس کروڑ اثاثہ جات کے مالک تو ہیں۔ لیکن ذاتی گاڑی نہیں رکھتے ۔ مولانا فضل الرحمن کے اکاؤنٹ میں پچاس لاکھ روپے ہیں۔ لیکن اپنی ذاتی گاڑی نہیں۔