آئی سی سی ایوارڈ: پی سی بی حکام شریک نہیں ہونگے
کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ایوارڈ کے لیے سعید اجمل کو نامزد نہ کرنے پر ایوارڈ کا بائیکاٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ایوارڈ کی جیوری نے سعید اجمل کو گذشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ میں 72 وکٹیں لینے کے باوجود ایوارڈ کے لیے نامزد تک کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی جس پر پاکستانی عوام اور سابق کرکٹرز نے کرکٹ بورڈ پر ایوارڈ کی تقریب کا بائیکاٹ کرنے پر زور دیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے جمعہ کو کہا کہ ہمیں آئی سی سی ایوارڈ کی نامزدگیوں سے سعید اجمل کو خارج کیے جانے پر تحفظات ہیں لیکن اس کے باوجود ہم نے ایوارڈ کی تقریب کا بائیکاٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اس میں کوئی بھی پی سی آفیشل شرکت نہیں کرے گا اور صرف اسکواڈ کے کچھ ممبرز اس تقریب میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔
آئی سی سی کی سالانہ ایوارڈ کی تقریب ہفتہ 15 جولائی کو کولمبو میں ہو گی تاہم اس ایوارڈ میں سعید اجمل کو ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر، ون ڈے پلیئر آف دی ایئر اور پلیئر آف دی ایئر سمیت کسی بھی کیٹیگری میں نامزد نہیں کیا گیا۔
سعید اجمل کو نامزد نہ کیے جانے پر پاکستانی پارلیمنٹ میں بھی اس حوالے سے بازگشت سنائی دی تھی۔
پی سی بی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ایوارڈ کی تقریب میں کوئی بھی پی سی بی آفیشل شرکت نہیں کرے گا۔