سرینا کا چوتھا یو ایس اوپن ٹائٹل
نیو یارک: امریکا کی سرینا ولیمز نے ایک سخت مقابلے کے بعد عالمی نمبر ایک وکٹوریہ آزرنیکا کو شکست دے کر یو ایس اوپن کا تاج اپنے سر سجا لیا۔
اتوار کو کھیلے گئے مقابلے میں امریکی اسٹار نے اپنی بیلاروسی حریف کے خلاف پہلا سیٹ باآسانی چھ۔ دو سے اپنے نام کیا۔
دوسرے سیٹ میں آزرنیکا نے حساب برابر کرتے ہو سرینا کو دو۔ چھ سے شکست دے کر مقابلہ ایک ایک سیٹ سے برابر کردیا۔
تیسرے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم جیت سرینا کا مقدر ٹھہری۔
انہوں نے تیسرے سیٹ میں سات۔ پانچ سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے کیریئر کا چوتھا یو ایس اوپن ٹائٹل جیتا۔
یہ مجموعی طور پر سرینا کا پندرہواں گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔
سرینا ولیمز نے رواں سال امجری سے صحتیاب ہونے کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے پہلے ومبلڈن جیتا اور پھر لندن اولمپکس اور اب یو ایس ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیا۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ 1999 میں صرف سترہ سال کی عمر میں یو ایس اوپن کی صورت اپنے نام کیا تھا۔