فائنل میں مرے اور جوکووچ مدمقابل
نیو یارک: یو ایس اوپن کے دوسرے سیمی فائنل میں عالمی نمبر دو نوواک جوکووچ نے ڈیوڈ فیرر کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
سرب کھلاڑی نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد اپنے اسپینش حریف کو میچ میں واپسی کا کوئی موقع نہ دیا۔
اسپینش اسٹار فیرر نے پہلا سیٹ چھ۔ دو سے اپنے نام کیا تاہم اس کے بعد جوکووچ نے تینوں سیٹ چھ۔ ایک، چھ۔ چار اور چھ۔ دو سے اپنے نام کرکے فائنل کے لیے سیٹ بک کرا لی۔
رواں سال تیسری دفعہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے والے جوکووچ کا ٹائٹل کے حصول کے لیے برطانیہ کے اینڈی مرے سے مقابلہ ہو گا۔
اگر مرے یہ ٹورنامنٹ جیت جاتے ہیں تو وہ 1936 کے بعد گرینڈ سلیم جیتنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی بن جائیں گے۔
اس سے قبل 1936 میں برطانیہ کے فریڈ پیری نے یو ایس اوپن کا ٹائٹل اپنے سر پر سجایا تھا۔