ہندوستان کا کلین سوئپ مکمل
بنگلور: ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا۔
چناسوامی اسٹیڈیم پر کھیلے جانے میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی نامکمل اننگ کا 232 رنز نو کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ آغاز کیا تو اسکور میں سولہ رنز کے اضافے کے بعد کیوی ٹیم کی آخری وکٹ بھی گر گئی۔
جیتن پٹیل آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جنہیں ظہیر خان نے وکٹ کیپر دھونی کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ انڈیا کی جانب سے روی چندرن ایشون نے پانچ جبکہ براگیان اوجھا اور امیش یادو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس طرح کیویز نے بھارت کو جیت کے لیے 261 رنز کا ہدف دیا۔
انڈیا نے اننگ کا آغاز کیا تو اوپنرز وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر نے اپنی ٹیم کو 77 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔
اس مجموعے پر بھارت کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب پٹیل نے 38 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلنے والے سہواگ کی وکٹیں بکھیر دیں۔
نیوزی لینڈ کو جلد ہی دوسری کامیابی حاصل ہوئی جب دوسرے اوپنر گوتم گمبھیر بھی اسکور میں صرف رنز کے اضافے سے پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد عالمی ریکارڈ ہولڈر سچن ٹنڈولکر اور چتیشور پجارا نے تیسری وکٹ کے لیے اپنی ٹیم کے لیے قیمتی 69 جوڑے۔
ایک سو باون کے مجموعی اسکور پر ماسٹر بیٹسمین ٹنڈولکر 27 رنز بنانے کے بعد سائوتھی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
بھارت کو جلد ہی ایک اور نقصان اٹھانا پڑا جب پجارا 48 رن کی اننگ کھیل کر پٹیل کا دوسرا شکار بن گئے۔
پٹیل نے بھارتی ٹیم کو جلد ہی ایک اور ضرب لگاتے ہوئے سریش رائنا کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔
اس موقع پر نیوزی لینڈ کی میچ جیتنے کی امیدیں ایک جاگ اٹھیں تاہم پچھلی اننگ میں اپنی ٹیم کو بحران سے نکالنے والے ویرات کوہلی اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ایک بار اپنی ٹیم کی نیا پار لگاتے ہوئے کیوی ٹیم کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے میں ناقابل شکست 96 رنز کی شراکت قائم کی۔
کپتان دھونی نے پٹیل کی گیند پر چھکا جڑتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کر دی اور بھارت کو میچ اور سیریز میں کلین سوئپ فتح سے ہمکنار کرادیا۔
ویرات کوہلی کو پہلی اننگ میں سنچری اور دوسری اننگ میں ففٹی اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔
اسپنر روی چندرن ایشون کو سیریز میں 18 کیوی بیٹسمینوں کو پویلین کا راستہ دکھانے پر سیریز کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔
یاد رہے کہ حیدرآباد دکن کے مقام پر کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو ایک اننگ اور 15 رنز کی عبرتناک شکست سے دوچار کیا تھا۔












لائیو ٹی وی