ریاضی کے فروغ کیلئے پچاس لاکھ روپے کا اعلان
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے تعلیم و ٹریننگ، شیخ وقاص اکرم نے ہفتے کے روز پاکستان میتھمیٹکل سوسائٹی کو نائب وزیرِ اعظم چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے پچاس لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔ یہ عطیہ ملک میں ریاضی کے فروغ کیلئے استعمال ہوسکے گا۔
قائدِ اعظم یونیورسٹی میں الجبرا، جیومیٹری، اور مکینکس کے موضوع پر منعقدہ تیرھویں انٹرنیشنل پیور میتھمیٹکس ، آ ئی پی ایم سی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ریاضی ایک اہم شعبہ ہے جو سائنسی علوم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ روزمرہ زندگی کے اس اہم مضمون پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ریاضی کے فروغ اور ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام کرنے کے لئے تیار ہے ۔
قائدِ اعظم یونیورسٹی میں فطری علوم فیکلٹی کے ڈین اور پاکستان میتھمیٹکل سوسائٹی کے ڈین پروفیسر قیصر مشتاق نے سوسائٹی کو درپیش مالیاتی اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔
انہوں نے وزیرمملکت سے کہا کہ وہ سوسائٹی کی ذیادہ سے ذیادہ اعانت کریں تاکہ پاکستان میں بہترین دماغوں کو ریاضی کی جانب لایا جاسکے۔
اس موقع پر قائدِ اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر معصوم یاسینزئی نے کہا کہ قائدِ اعظم یونیورسٹی کا شمار دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے اور ہم اس کے معیار کو مزید بلند کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میتھمیٹکل سوسائٹی کی سرپرستی اور تعاون جاری رکھے گی۔
بین الاقوامی کانفرنس میں چھبیس ممالک کے تقریباً نوے ماہرین اور سائنسداں شرکت کررہے ہیں جو مختلف سیشنز میں اپنی تازہ تحقیقات پیش کریں گے۔ پی پی آئی