• KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:25am
  • LHR: Fajr 4:30am Sunrise 5:53am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:57am
  • KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:25am
  • LHR: Fajr 4:30am Sunrise 5:53am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:57am

نیوزی لینڈ کو سیریز بچانے کا چیلنج درپیش

شائع September 2, 2012

کیوی بیٹسمین جیمز فرینکلن کے اسٹمپ ہونے کا منظر۔ فوٹو رائیٹرز

بنگلور: نیوزی لینڈ اور ہندوستان کے درمیان کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں کیوی کو سیریز بچانے کا چیلنج درپیش ہے۔

چناسوامی اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے دن کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے نو وکٹ کے نقصان پر دو سو بتیس رنز بنا کر میچ میں اپنی مجموعی برتری 244 رنز تک پہنچا دی۔

میچ کے تیسرے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگ کا 283 رنز پانچ کھلاڑی سے آؤٹ سے دوبارہ آغاز کیا تو اس وقت کپتان مہندرا سنگھ دھونی 46 اور ویرات کوہلی 93 رنز پر کھیل رہے تھے۔

جلد ہی نوجوان بلے باز نے اپنے کیریئر کی دوسری سنچری مکمل کر لی، اس دوران انہوں نے چودہ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

تھری فگر اننگ مکمل ہوتے ہی کوہلی بریسویل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، انہوں نے 103 رنزکی اننگ تراشی۔

کپتان دھونی اپنی ساتھی کی جدائی برداشت نہ کرسکے اور تھوڑی ہی دیر میں اسکور میں گیارہ رنز کے اضافے سے 62 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے۔

انہیں بھی ساؤدی نے پویلین کی راہ دکھا کر اننگ میں اپنے پانچ شکار مکمل کرلیے۔

اسکور 320 تک پہنچا تو سات رنز بنانے والے ظہیر خان کو بھی ساؤتھی نے وکٹ کیپر کی مدد  سے پویلین چلتا کیا۔

اسی اوور میں ساؤتھی نے اوجھا کو بھی پویلین واپسی کی راہ دکھائی، اس کے لیے بھی انہیں وکٹ کیپر وین وائک کی مدد حاصل کرنا پڑی ۔

بھارتی ٹیم کی آخری وکٹ 353 کے مجموعے پر اس وقت گری، جب بولٹ نے امیش یادو کی وکٹیں بکھیر دیں۔ روی چندرن ایشون 32 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدی نے  کیریئر کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے  سات کھلاڑیوں کو میدان بد کیا، بریسویل کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگ کا آغاز بارہ رنز کی برتری کے ساتھ کیا تو 30 کے مجموعے پر مارٹن گپٹل سات رنز بنا کر امیش یادو کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے سے کیوی ٹیم کو ایک اور نقصان اٹھانا پڑا جب تیز رفتاری سے بیٹنگ کرنے والے برینڈن میک کولم 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں بھی یادو نے آؤٹ کیا۔

اسکور 69 تک پہنچا تو گزشتہ میچ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والے روی چندرن ایشون کیوی ٹیم پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے۔

انہوں اسی مجموعے پر کین ولیمسن کو پویلین چلتا کیا۔ اسکور 140 تک پہنچا تو نیوزی لینڈ کے قائد روز ٹیلر نے بھی ڈریسنگ روم میں واپسی کی راہ لی۔ انہوں نے 31 رنز بنائے۔

جیمز فرینکلن نے ڈینئل فلائن کے ساتھ مل کر اسکور کو 140 تک پہنچایا  تاہم اس موقع پر فلائن ایشون کی گیند پر سہواگ کو کیچ دے بیٹھے۔

نئے آنے والے بلے باز کروگر وین وائک نے فرینکلن کے ساتھ مل کر قیمتی 55 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اس موقع پر وین وائک بھی ایشون کی پرفریب بولنگ کا نشانہ بن گئے۔

اسکور میں 19 رنز کے اضافے سے فرینکلن ایشون کو کریز سے باہر نکلنے کی کوشش میں اسٹمپ ہو گئے۔ انہوں نے 41 رنز بنائے۔

اسکور 222 تک پہنچا تو ایشون نے ساؤتھی کی وکٹیں بکھیر کر اننگ میں اپنی پانچ وکٹیں مکمل کرلیں۔

دن کے اختتام سے قبل پراگیان اوجھا نے ڈگ بریسویل کو آؤٹ کر کے کیوی ٹیم کو مجموعی طور پر نواں نقصان پہنچایا۔

جب تیسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے نو وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنا کر میچ میں مجموعی طور پر 244 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 31 مارچ 2025
کارٹون : 30 مارچ 2025