اسپنرز کی بدولت انڈیا کی پوزیشن مضبوط

احمدآباد: احمدآباد ٹیسٹ کے دوسرے روز پجارا کی شاندار بیٹنگ اور اسپنرز کی بہترین بولنگ کی بدولت انڈیا نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔
ٹیسٹ کے دوسرے روز انڈیا نے اپنی نامکمل اننگز کا 307 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ آغاز کیا تو دونوں کھلاڑیوں نے اسکور مین مزید رنز کا اضافہ کیا۔
تین سو ستاسی کے مجموعی اسکور پر پجارا 159 رنز بنا کر پتیل کی بولنگ پر جیمز فرینکلن کے ہاتھوں کیچ ہوئے، انہوں نے اس اننگ کے دوران 19 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
اسکور 411 تک پہنچا تو کپتان مہندرا سنگھ دھونی بھی 73 رنز بناکر پٹیل کی پر فریب بولنگ کا نشانہ بن گئے۔ اسکور میں صرف تین رن کے اضافے سے ظہیر خان بھی پویلین لوٹ گئے، وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔
چار سو تیس کے اسکور پر روی چندرن ایشون 37 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے، انڈیا کی آخری وکٹ 438 کے مجموعے پر گری جب چار رنز بنانے والے امیش یادو رن آئوٹ ہو گئے۔
کیویز کی طرف سے جیتن پٹیل نے چار وکٹیں حاصل کیں تاہم اس کے لیے انہیں سو رنز کی پٹائی بھی برداشت کرنا پڑی، بولٹ کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔
نیوزی لینڈ نے اننگ کا آغاز کیا تو پچیس کے مجموعے پر برینڈن میک کولم 22 رنز بنا کر پراگیان اوجھا کی گیند پر کوہلی کو کیچ دے کر چلتے بنے۔
اسکور میں صرف چار رنز کے اضافے سے 2 رنز بنانے والے مارٹن گپٹل کو ایشون نے بھی کوہلی کی مدد سے قابو کیا۔
کیویز کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب 36 کے اسکور پر کپتان روز ٹیلر بھی پویلین واپس لوٹ گئے، 2 رنز بنانے والے بیتسمین کو بھی ایشون نے کوہلی کی ہی مدد سے میدان بدر کیا۔
اسکور 55 تک پہنچا تو ایشون نے نیوزی لینڈ کو ایک اور ضرب لگاتے ہوئے ڈینیئل فلائن کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔ سولہ رنز بنانے والے بیٹسمین کو وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار دیا گیا۔
اس کے بعد کین ولیمسن نے نئے آنے والے بیٹسمین جیمز فرینکلن کی مدد سے اسکور کو 99 تک پہنچایا، اسی مجموعے پر ولیمسن اوجھا کی گیند پر سہواگ کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 32 رنز بنائے۔
دن کا اختتام پر نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چھ رنز بنائے تھے، ایشون نے تین جبکہ اوجھا دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
کیویز کو فالو آن سے بچنے کے لیے ابھی مزید ایک سو بتیس رنز درکار ہیں جبکہ اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔