اوبامہ نے حقانی نیٹ ورک کیخلاف قانون پر دستخط کردئیے
واشنگٹن: امریکی صدربراک حسین اوبامہ نے جمعے کے روز حقانی نیٹ ورک سے وابستہ ایک قانون پر دستخط کردئیے ہیں جس کے تحت حقانی نیٹ ورک کو ایک غیرملکی دہشتگرد تنظیم قراردیدیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق، یہ قانون امریکی کانگریس کے دونوں چیمبرز نے حال ہی میں منظور کیا ہے اور صدر اوبامہ کی جانب سے اسے قانون بناکر دستخط کرنے کے بعد امریکی وزیرِخارجہ کی جانب سے ایک ماہ کے اندراس کا تعین کرکے ایک رپورٹ پیش کی جائے گی کہ آیا حقانی نیٹ ورک کو دہشت گرد تنظیموں کے زمرے میں داخل کیا جائے یا نہیں۔
اس سے قبل امریکی میں قانون ساز حلقوں کا اصرار تھا کہ کہ حقانی نیٹ ورک کو غیر ملکی دہشتگرد تنظیم قرار دیا جائے۔
تاہم امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ جس نے نیٹ ورک کے چند اہم رہنماوں کے خلاف پابندیاں عائد کررکھی ہیں اب تک اسے ایک غیر ملکی دہشتگرد تنظیم قرار دینے سے مزاحمت کی ہے۔
اگرچہ وزیرِخارجہ ہلیری کلنٹن ایک سال قبل عوامی سطح پر اس تنظیم کے خلاف پابندیوں کا اعلان کرچکی ہیں، تاہم وزارتِ خارجہ کی جانب سے اس ضمن میں اب بھی ایک باضابطہ اعلان کرنا باقی ہے۔
دوسری جانب امریکی انتظامیہ کثیر رابطوں اور ذرائع سے طالبان سے مفاہمت کے لئے رابطے بھی کررہی ہے۔
حقانی نیٹ ورک پر افغانستان میں امریکی تنصیبات پر حملوں کا الزام لگایا جاتا ہے جس میں دوہزارآٹھ میں کابل میں بھارتی سفارتخانے پر ہونے والا حملہ بھی شامل ہے جس میں اٹھاون افراد ہلاک ہوئے تھے۔
حقانی نیٹ ورک کا معاملہ پاکستان اوراسلام آباد کے درمیان اختلاف کی وجہ بنا ہوا ہے۔
پاکستان نے ہفتے کے روز امریکی افواج سے شمالی وزیرستان میں حقانی نیٹ ورک کے خلاف کسی کارروائی کی صورت میں افغانستان کی سرحدوں کو بند کرنے کی درخواست کی ہے۔