ساٹھ فیصد پاکستانی مناسب خوراک سے محروم
اسلام آباد: پورے پاکستان میں ساٹھ فیصد گھر یا خاندان ایسے ہیں جو غربت، وسائل یا کسی اور وجہ سے کھانے پینے کے اشیا تک نہیں رسائی نہیں رکھتے اور یوں مناسب خوراک سے محروم ہیں۔ ایسے گھرانوں یا افراد کو غذائی عدم تحفظ کا شکار یا food insecure کہا جاتا ہے۔ یعنی ساٹھ فیصد پاکستانیوں کو مناسب خوراک کی فراہمی نہیں ہوپاتی۔
بدھ کے روز نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( نسٹ) میں ہونے والی پاپولیشن ایسوسی ایشن آف پاکستان ( پی اے پی) کی ایک ریسرچ کانفرنس میں یہ سروے اور اس کی تفصیلات پیش کی گئیں۔
سروے میں بتایا گیا کہ پاکستان میں بچوں میں اسٹنٹنگ ( عمر کے لحاظ سے چھوٹا قد) اور ویسٹنگ ( قد کے لحاظ سے کم وزن) اور خوراک کے دیگر چھوٹے چھوٹے اجزا ( مائیکرونیوٹرینٹ) کی شرح بہت کم ہے۔
سروے میں سال 2001 اور 2011 میں خوراک اور غذائیت کی شرح کا موازنہ بھی کیا گیا۔
سروے کے مطابق پاکستان میں 2011 میں 43.7 فیصد بچے عمر کےساتھ چھوٹے قد کے شکار ہیں جبکہ 2001 میں یہ 41.6 فیصد پر تھی۔
اس کے علاوہ ملک میں )پانچ سال سے کم عمر( بچوں کی 35 فیصد تعداد کا تعلق غذائیت کی کمی سے ہے جبکہ اگر یہ شرح صرف 15 فیصد سے اوپر ہوجائے تو اسے عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کے تحت قومی ہنگامی حالت یا ایمرجنسی کہا جاتا ہے۔
اس موقع پر پی اے پی کی صدر شہناز وزیر علی نے کہا پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی فوڈ سیکیورٹی کیلئے ایک بہت بڑا خطرہ ہے۔ دوسری مشکل یہ ہے کہ 1998 کے بعد سے ملک میں مردم شماری نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ معلومات اور تحقیق تو موجود ہے لیکن پالیسی بنانے اور منصوبوں کیلئے ان سے مدد نہیں لی جاتی ۔
انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کی بجائے لوگوں پر توجہ ہونی چاہئے تاکہ سماجی اقدار، انسانی حقوق اور مرد وزن کی برابری جیسے اہم امور کو مدِ نظر رکھا جاسکے۔
اس کے علاوہ ضروری ہے کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں فیملی پلاننگ پر بھرپور اور منظم توجہ دیں۔
وفاقی پذیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات، احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے غیر تسلی بخش ترقیاتی اشارے ( انڈیکیٹرز) پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کی دھیمی رفتار کو درست کرنا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کے مستقبل پر ایک آواز سے بات کرنا ہوگی۔