دبئی ایئر شو میں پاکستانی جیٹ طیاروں کی پذیرائی
اسلام آباد : دوبئی ایئر شو 2013ء میں پاکستان کے جے ایف تھنڈر اور سپر مشاق طیارے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ اس موقع پر دنیا بھر کے ممالک کے درمیان اربوں ڈالر کے معاہدے ہوئے۔
پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین، چیف آف ایئر سٹاف ایئر مارشل طاہر رفیق بٹ اور ایئر وائس مارشل سہیل گل خان کر رہے ہیں۔
دبئی ایئر شو کے موقع پر وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار نے مختلف ممالک کے وفود سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان کی دفاعی صنعت کی تیار کردہ مختلف مصنوعات اور آلات سے آگاہ کیا۔ پاکستان پویلین میں عراقی وزیر دفاع سیدون دلامی کی سربراہی پر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے دفاعی تعاون کے شعبہ پر تبادلہ خیال کیا اور بتایا کہ پاکستان میں تیار کردہ دفاعی آلات کم لاگت اور معیاری ہیں۔
بعد ازاں انہوں نے ترک نائب وزیر دفاع حسن کیماک کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں پاکستان کی دفاعی صنعت کی استعداد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر طیارے اور مشاق طیارے بہترین معیار کے حامل اور کم لاگت ہیں۔
جے ایف سیونٹین تھنڈر طیارہ ہر موسم اور ہرحالات کیلئے لڑاکا طیارہ ہے جو پاکستان نے چین کے تعاون سے بنایا ہے۔
اس شو میں دنیا کے ممتاز ادارے اپنے طیاروں خواہ وہ جنگی ہوں یا سویلینز نمائش اور فروخت کیلئے پیش کئے جاتےہیں جبکہ نئی ٹیکنالوجی کو بھی شو کیس کیا جاتا ہے ۔