انجری کے باعث عرفان دورہ جنوبی افریقہ سے باہر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے17 رکنی قومی ٹیم کااعلان کردیا جہاں محمد عرفان ان فٹ ہونے کی وجہ سے ٹیم کاحصہ نہیں بن سکے جبکہ وہاب ریاض اور وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
20 نومبر سے شروع ہونے والے دورے کے لیے مصباح الحق کو ون ڈے اور محمد حفیظ کو ٹی ٹونٹی ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔
نوجوان فاسٹ باؤلر بلاول بھٹی ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کی بناء پر ٹیم کا حصہ بننے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
دراز قد فاسٹ باؤلر فاسٹ باؤلر محمد عرفان فٹنس مسائل کے باعث دورہ جنوبی افریقہ سے باہر ہو گئے، عرفان جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ کے دوران کولہوں کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔
انجری کے باعث وہ اپنا اوور بھی مکمل نہیں کر سکے تھے اور آخری دو گیندیں شعیب ملک نے کی تھیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی معائنے کے بعد عرفان کو انجری سے نجات کے لیے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث وہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔
تاہم حیرت انگیز طور پر مسلسل ناکامی سے دوچار بیٹنگ لائن میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی اور سابقہ دورے کے تمام کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔
دورہ جنوبی افریقہ کے لیے 17 رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
مصباح الحق، محمد حفیظ، احمد شہزاد، ناصر جمشید، اسد شفیق، عمر اکمل، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، عبدالرزاق، شعیب ملک، سعید اجمل، جنید خان، عبد الرحمان، سہیل تنویر، عمر امین، انور علی اور بلاول بھٹی پر مشتمل ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز میں 2 ٹی ٹوئنٹی اور3 ون ڈے میچ ہوں گے۔