افغانستان میں خود کش حملہ، چھ افراد ہلاک
کابل: افغانستان میں خود کش بمبار نے اس مقام کو نشانہ بناکر چھ افراد کو ہلاک کردیا جہاں آئندہ ہفتے ملکی اشرافیہ کا امریکا کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے مشاورتی اجلاس منعقد ہونا تھا۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے میں چار شہری، ایک پولیس اہلکار اور ایک فوجی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 22 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے زیادہ تر شہری ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہلاکتوں کے بڑھنے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ لویا جرگہ کے نام سے مشہور اس اجلاس میں 2500 قبائلی عمائدین اور شہری رہنماؤں کو شرکت کرکے اس بات کا فیصلہ کرنا تھا کہ آیا امریکہ کی جانب سے پیش کردہ افغانستان میں امن سے متعلق مسودے کو منظور کرنا ہے یا نہیں۔
اس سے قبل افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے طالبان اور اتحادیوں کو اسمبلی میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔
دوسری جانب طالبان نے جرگے کو مسترد کرتے ہوئے اس میں شرکت کرنے والے ممبران کو دھمکی دی ہے کہ حصہ لینے کی صورت میں انہیں غدار تصور کیا جائے گا۔
تبصرے (1) بند ہیں