ہندوستان: ٹریفک حادثے میں اکیس افراد ہلاک
بلگام: ہندوستان کی ریاست کرناٹک کے ضلع بلگام کے قریب ہائی وے پر ایک گاڑی کے الٹنے سے 21 افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ہفتے کی صبح اس وقت پیش آیا جب یہ گاڑی ان مسافروں کو لے جارہی تھی۔
پولیس انسپیکٹر ایس ڈی گدناور نے ہندوستانی خبررساں ادارے آئی اے این ایس کو بتایا کہ یہ حادثہ ہفتے کی صبح تقریباً پانچ بجکر تیس منٹ پر پیش آیا، جب ڈرائیور کا کنٹرول برقرار نہ رہنے کے باعث ہلکی کے مقام پر ہائی وے کراسنگ کے دوران یہ مال سے لدی گاڑی الٹ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ گاڑی ضلع یادگیر سے ریاست مہاراشٹر کے ضلع سواداتی جارہی تھی۔
حادثے کا شکار ہونے والی اس گاڑی میں 35 افراد سوار تھے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ان افراد میں 14 زخمی ہیں حادثے کے مقام سے صرف پانچ کلومیٹر کی دوری پر ایک سرکاری ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس انسپکٹر کا مزید کہنا تھا کہ مسافروں میں اکثر مزدور ہیں جو اپنے روزانہ کے کام کے سلسلے میں سواداتی جارہے تھے۔