'ٹنڈولکر جیسا کوئی دوسرا نہیں ہو سکتا'

ممبئی: ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ (آج) جمعرات سے وانکھیڈے سٹیڈیم، ممبئی میں شروع ہوگا جو ریکارڈ ساز شہرہ آفاق بلے باز سچن ٹنڈولکر کے لازوال کیریئر کا آخری میچ بھی ہو گا۔
دنیائے کرکٹ کے بے تاج بادشاہ سچن ٹنڈولکر آج شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں شرکت کے ساتھ ہی ٹیسٹ میچوں کی ڈبل سنچری مکمل کر کے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے۔
24 اپریل 1973ء کو ممبئی میں پیدا ہونے والے ٹنڈولکر نے 16 سال کی عمر میں کرکٹ کے میدانوں میں قدم رکھا اور فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز کی۔
عمدہ بیٹنگ کی بدولت انہیں تھوڑے ہی عرصے میں ہندوستانی سلیکٹرز نے 1989ء میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کا اعزاز دے دیا۔
پاکستان کے خلاف ہی ون ڈے سیریز میں انہوں نے ایک روزہ کیریئر کے بھی آغاز کیا، انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھتے ہی ٹنڈولکر نے اپنی عمدہ بیٹنگ سے عالمی شہرت حاصل کی اور 24 سالہ کیریئر کے دوران انہوں نے کئی نہ ٹوٹنے والے ریکارڈز اپنے نام کیے۔
لٹل ماسٹر کو ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں سنچریوں کی سنچری بنانے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے، انہوں نے نے ٹیسٹ میں 51 اور ون ڈے کرکٹ میں 49 سنچریاں بنا رکھی ہیں جبکہ دونوں طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے اور زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی انہی کے نام کے آگے درج ہے۔
ٹنڈولکر نے 24 سالہ کیریئر میں اب تک 199 ٹیسٹ میچ کھیل رکھے ہیں اور اب وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ٹیسٹ میں ٹیسٹ میچوں کی ڈبل سنچری بنا کر اسے بھی ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیں گے۔

ٹنڈولکر کے آخری ٹیسٹ کو یادگار بنانے کیلئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ایک سٹیڈیم کو بھی ان کے نام سے موسوم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ماسٹر بلاسٹر کے الوداعی ٹیسٹ میچ میں کسی بھی قسم کے نا خوشگوار واقع سے بچنے کے لیے سٹیڈیم کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
ہندوستانی پولیس کے سینئر حکام کے مطابق یہ ٹنڈولکر کے کیریئر کا آخری میچ ہے اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ وہ اکیلے سٹیڈیم کا چکر لگانے کی بجائے ٹیم کے دوسرے کھلاڑیوں کے ہمراہ لگائیں۔
الوداعی میچ سے قبل شہرہ آفاق بلے باز کو شین وارن، برائن لارا، انضمام الحق، مائیکل وان، ساتھی کھلاڑی راہول ڈریوڈ اور سارو گنگولی سمیت کرکٹ کے متعدد بڑے کھلاڑیوں نے خراج تحسین پیش کیا ہے۔
برائن لارا نے ٹنڈولکر کو باکسنگ کے شہنشاہ محمد علی کلے سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹندولکر کی کرکٹ کی دنیا میں وہی حیثیت ہے جو باکسنگ میں ماضی کے مایہ ناز باکسر محمد علی کلے کی تھی۔
ممبئی ٹیسٹ میں کمنٹیٹر کے فرئض کی انجام دہی کے لیے موجود شین وارن نے کہا کہ لارا میرے عہد کے بہترین بلے باز تھے اور ان کے آخری میچ میں کمنٹری کے فرائض انجام دینا میرے لیے ابل فخر بات ہے، ٹنڈولکر جیسا کوئی دوسرا نہیں ہو سکتا۔
ٹنڈولکرکے سابق کپتان سارو گنگولی نے انہیں چیمپیئن بلے باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں لیکن مایہ ناز کرکٹر کو چند سال پہلے ریٹائر ہوجانا چاہیے تھا۔