جنوبی افریقہ: بس حادثے میں 29 ہلاکتیں
جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ میں حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ پیر کو ایک بس اور ٹرک کے تصادم میں 29 افراد ہلاک اور گیارہ شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے صوبے مپملانگا کے حفاظتی محکمے کے ترجمان جوزف مبزا کا کہنا ہے کہ بس کے حادثے میں 29 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس اور ٹرک میں تصادم کا واقعہ مشرقی دارالحکومت پریٹوریا سے 100 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع کواگافونٹین کے قریب پیش آیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں تین ہسپتال میں دم توڑ گئے، جبکہ اٹھ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے اور 12 افراد ایسے بھی ہیں جن کو معمولی زخم آئے ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ بس پریٹوریا سے آرہی تھی جس کا ایک غلط سمت سے آنے والے ٹرک کے ساتھ تصادم ہوگیا
انہوں نے عالمی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ٹرک کے ڈرائیور نے سڑک پر پہلے سے موجود ایک گاڑی کو بچانے کی کوشش کی اور اس دوران اس کا سامنے سے آنے والی بس کے ساتھ تصادم ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ابھی حتمی طورپر نہیں کہہ سکتے کہ آیا بس اور ٹرک دونوں کے ڈرائیورز اس حادثے میں محفوظ رہے ہیں یا نہیں۔
واقعہ کے بعد زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والی بس کی کمپنی کے نام سے متعلق فوری طور پر کچھ نہیں پتا چل سکا ہے۔
یہ حادثہ جس سڑک پر پیش آیا وہاں اس سے قبل بھی متعدد بار جان لیوا حادثات ہوچکے ہیں۔
تقریباً 50 ہزار افراد پریٹوریا میں کام کے لیے روزانہ یہ متبادل راستہ استعمال کرتے ہیں۔
اکثر اوقات ٹرانسپورٹرز تیز رفتاری میں بھاری سامان اور خراب گاڑیوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے بھی اسی سڑک کا استعمال کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ مہینے بھی اسی سڑک پر ایک تصادم کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔