• KHI: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • KHI: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am

وزیر اعظم کا فوج کی قربانیوں پر خراج تحسین

وزیر اعظم جنرل ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف سے ون آن ون ملاقات کرتے ہوئے۔ فوٹو اے پی پی

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز نے کہا ہے کہ ہمارے کل کے لئے اپنا آج قربان کر دینے والے پاک فوج کے غازی اور شہید ہمارے محسن ہیں اور قوم فوج کی قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن کی جانب سے امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ کو شہید قرار دینے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہلاک ہونے والے پاک فوج کے سپاہیوں کے خلاف توہین آمیز بیان دینے پر حالیہ دنوں میں ملک میں شہید یا غدار کے حوالے سے ایک نئی بحث نے جنم لیا ہے۔

منور حسن کے اس بیان پر فوج نے انتہائی سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ جماعت اسلامی کے امیر اپنے اس بیان پر معافی مانگیں۔

پاکستانی فوج نے کہا تھا کہ 'جماعتِ اسلامی کے رہنما، سید منورحسن کی جانب سے دہشتگردوں کو شہید کہنا ہزاروں بے گناہ پاکستانیوں اور فوج کے سپاہیوں کی شہادت کی توہین ہے'۔

اس بیان پر سیاسی جماعتوں نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے منور حسن سے جماعت اسلامی کے امیر کے منصب سے استعفیٰ دینے کے ساتھ ساتھ ان پر غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

تاہم منور حسن نے اپنے بیان پر قائم رہتے ہوئے پیر کو کہا تھا کہ فوج کا اس بیان پر ردعمل سیاسی معاملات میں مداخلت ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق 'مادر وطن کے دفاع کے لیے افواج پاکستان نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ایک روشن تاریخ رقم کی ہے، ہمارے کل کے لیے اپنا آج قربان کر دینے والے غازی اور شہید ہمارے محسن ہیں'۔

ان کا یہ بیان منگل کو راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے بعد سامنے آیا جہاں وزیر اعظم کو اعلیٰ عسکری حکام نے ملک میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر خزانہ اسحق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد جنرل ہیڈ کوارٹر(جی ایچ کیو) کے پہلے دورے کے موقع پر وزیراعظم نے شہداء کی یادگار پر حاضری دی اور پھول چڑھانے کے بعد اس ماہ سبکدوش ہونے والے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے دوبدو ملاقات کی جس کے بعد اعلیٰ عسکری حکام نے انہیں بریفنگ دی۔

بریفنگ کے دوران نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن اور جمہوری ملک ہے اور ہم دنیا میں امن کا فروغ چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جمہوریت پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ مضبوط دفاع اور جمہوریت مستحکم پاکستان کے ضامن ہیں۔

انہوں نے افواج پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم فوج کی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، زمانہ امن اور زمانہ جنگ میں اس نے ہمیشہ سے اپنی بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔

آرمی چیف سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کے لئے افواج پاکستان نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ایک روشن تاریخ رقم کی ہے۔

شریف نے فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک پر امن اور ترقی یافتہ ملک کی حیثیت سے پہچانا جائے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج کا ہر سپاہی اور افسر جذبہ ایمانی کے ساتھ میدان میں اترتا ہے اس کے دل میں شہادت کی آرزو کا چراغ جل رہا ہوتا ہے اور یہی اس کی اصل قوت اور سب سے بڑا ہتھیار ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم جب جنرل ہیڈ کوارٹرز پہنچے تو چیف آف آرمی سٹاف  جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ان کا استقبال کیا اور پاک فوج کے دستے نے وزیراعظم کو سلامی پیش کی۔

آرمی چیف اور پرنسپل سٹاف افسران نے وزیراعظم کو ملکی اور داخلی سیکورٹی معاملات پر بریفنگ دی اور پاکستان کی سرحدوں پر تعینات پاک فوج کے دستوں کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں پاک فوج کی دفاعی صلاحیتوں اور استعداد کار کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

بریفنگ کے بعد وزیراعظم نے جنرل ہیڈ کوارٹرز کے مختلف شعبوں اور دفاتر کا تفصیلی دورہ کیا اور اس موقع پر ان شعبوں کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

اس دوران انہیں پاک فوک کے دشمن پاکستان تحرک طالبان کے نئے سربراہ مولانا فضل اللہ سے روابط کے حوالے سے فائدے اور نقصان سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کو ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2025
کارٹون : 25 مارچ 2025