وار' نے فلم انڈسٹری کو سہارا دیا، شان'
پاکستان کے ہینڈسم اداکار شان نے کہا ہے کہ 'وار' جیسی فلمیں بنائی جائیں تو ہندوستانی فلموں کو شکست دی جاسکتی ہے، کسی بھی فلم کی کامیابی کے لئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ لگانا وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔
ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ میری نئی فلم 'وار' نے نہ صرف انڈسٹری کو سہارا دیا ہے بلکہ سینما گھروں کی رونقیں بھی بحال ہوگئی ہیں اور ہندوستانی فلمیں دیکھنے والے شائقین 'وار' فلم کو دیکھنے کے بعد یہ کہنے پر مجبور ہوچکے ہیں کہ پاکستانی کسی سے کم نہیں۔
فلم و ٹی وی کے مقبول اداکار فیصل قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں فلم بینی کا رجحان ایک بار پھر بڑھے گا، اگر فلم بینوں کے معیار کے مطابق فلمیں بنائی جائیں گی تو کوئی بھی غیر ملکی فلم ہمارا مقابلہ نہیں کرسکے گی۔
لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ معیاری و جاندار سکرپٹس پر مبنی فلموں نے بولی وڈ اور ہالی وڈ کی کثیر سرمائے سے بنائی جانے والی میگا سٹارز فلموں کے سامنے جم کر بزنس کرکے فلمسازوں کے بھی حوصلے بڑھا دئیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کل ڈراموں میں مصروف ہوں لیکن فلم انڈسٹری کا عروج آج بھی آنکھوں کے سامنے رہتا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ فلموں کے بحرانی دور نے ٹی وی کی جانب آنے پر مجبور کیا تاہم فلموں کی آفرز مل رہی ہیں، کوئی اچھا اسکرپٹ ملا تو ضرور کام کروں گا۔
دوسری جانب خوبصورت اداؤں کی مالک و پر کشش اداکار لیلیٰ زبیری بھی فلم میں کام کرنے پر تیار ہوگئیں۔
چھوٹی سکرین پر متعدد ڈراموں میں مرکزی کردار نبھانے والی معروف اداکار کو سلور سکرین پر جلوہ گر ہونے کی خواہش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب فلم انڈسٹری میں نئے لوگ آرہے ہیں جو معیاری کام کر رہے ہیں اس لئے موجودہ فلموں میں کام کیا جاسکتا ہے اور اگر انہیں کسی معیاری فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو وہ انکار نہیں کریں گی۔