سندھ اور پنجاب میں لوکل باڈیز الیکشن شیڈول کا اعلان
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں لوکل باڈیز الیکشن سات دسمبر کو ہوں گے جبکہ سندھ میں یہ انتخابات ستائیس نومبر کو ہوں گے۔
کمیشن کی جانب سے شیڈول جاری کیا گیا جس کے مطابق گیارہ اور بارہ نومبر کو کاغذاتِ نامزدگی وصول کئے جائیں گے ۔
کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراضات تیرہ نومبر کی شام تک داخل کرائے جاسکیں گے جبکہ چانچ پرتال کا کام سولہ نومبر سے شروع ہوگا اور اٹھارہ نومبر کو ختم ہوگا۔
کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراضات کیخلاف اپیلیں اس ماہ کی انیس اور بیس کو کی جاسکیں گی جبکہ کاغذات واپس لینے کا عمل تیئس نومبر تک ہوگا۔
کاغذاتِ نامزدگی سے دستبردار ہونے کیلئے چوبیس نومبر کی تاریخ رکھی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق اس ماہ کی پچیس تاریخ تک حتمی امیدواروں کا اعلان اور فہرست جاری کردی جائے گی۔
سندھ میں ستائیس نومبر اور پنجاب میں سات دسمبر کو پولنگ ہوگی۔
دوسری جانب بلوچستان میں ہزاروں نشستوں کیلئے کاغذاتِ نامزدگی کا اجرا شروع ہوچکا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر برائے بلوچستان، سید سلطان بایزید ن بدھ کے روز بتایا کہ اُمیدوار الیکشن کمیشن آرہے ہیں اور نامزدگی کے فارم لے جارہے ہیں۔
‘ سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ، الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں لوکل باڈیز انتخابات کے انعقاد کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور صوبے بھر میں 7,189 نشستوں کیلئے کاغذات جاری کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
انہوںنے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد سات اور آٹھ نومبر تک کاغذاتِ نامزدگی داخل کرادیں اورانہوں نے وارننگ دی کہ اگر پولنگ اسٹاف یا اس کا کوئی رکن کسی امیدوار کی جانب داری کی تو اس کیخلاف ایکشن لیا جائے گا۔