ڈھاکا: واحد ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کو شکست

ڈھاکا: نیوزی لینڈ نے واحد ٹی 20 میچ میں کولن منرو کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت بنگلہ دیش کو 15رنز سے شکست دے کر دورہ بنگلہ دیش میں پہلی فتح حاصل کر لی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کھیلی گئی تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف 3-0 سے کلین سوئپ کیا تھا۔
بدھ کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں نیوزی لینڈ کے کپتان کائل ملز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
نیوزی لینڈ نے کولن منرو اور اینٹن ڈیوچ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔
ڈیوچ 31 گیندوں پر 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ کولن منرو نے 39 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز سکور کر سکی۔
مشفق الرحیم نے 29 گیندوں پر 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے جبکہ دیگر بلے بازوں میں محمد اللہ 34 ، ناصر حسین 28 اور سوہاگ غازی 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے تین اور کورے اینڈرسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔