الوداعی سیریز: ٹنڈولکر کا اشتہاری بورڈ پر غلط نام

کلکتہ: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے قائد مہندرا سنگھ دھونی نے اشتہاری بورڈ پر سچن ٹنڈولکر کے نام کے غلط سپیلنگ لکھنے پر کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بڑی غلطی ہے اور انہیں بورڈ سے وضاحت چاہیے۔
یاد رہے کہ لیجنڈری بلے باز کی ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی جانے والی یہ سیریز ان کے کیریئر کی الوداعی سیریز ہے اور اس وقت پوری دنیا کی نظریں ٹنڈولکر کے آخری دو ٹیسٹ میچوں پر مرکوز جہاں ہندوستانی حکام لٹل ماسٹرز کے الوداعی دو ٹیسٹ میچوں کو یادگار بنانے کے لیے سر گرم ہیں۔
اس حوالے سے سی اے بی نے ہائی کورٹ کے آخر میں الیکٹرانک سکور بورڈ کے نزدیک سچن ٹنڈولکر کے نام سے اشتہاری بورڈ چسپاں کر رکھا ہے۔
سی اے بی حکام نے لٹل ماسٹر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کے استقبال کے لیے مومی مجسمہ نصف کر رکھا ہے اور سکولوں کے 80 طلبہ ٹنڈولکر کی تصویر بنی ہوئی ٹی شرٹس پہن کر ڈریسنگ روم تک لائن بنا کر 199 کا ہندسہ لکھیں گے۔
تاہم ان تمام تیاریوں کے دوران بنگال بورڈ سے ایک غلطی سرزد ہو گئی جہاں اشتہاری بورڈ پر سچن کو سچائن لکھا گیا ہے۔
اس حوالے سے میچ سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں دھونی نے سچن کے نام کے سپیلنگ غلط لکھنے پر سی اے بی حکام کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ یہ بڑی غلطی ہے اور مجھے بتایا جائے کہ آخر ایسا کیسے اور کیوں ہوا۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹنڈولکر کی ملکی کرکٹ کے لیے گراں قدر خدمات ہیں جنہیں تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا گیا ہے اور نہ صرف کھلاڑی بلکہ پوری قوم ان کے کارناموں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
اس موقع پر انہوں نے ٹیسٹ اسکواڈ میں آل راؤنڈر کمی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ سکواڈ میں آل راؤنڈرز کی کمی تشویش کا باعث ہے اور ہمیں اس حوالے سے بھی محنت کرنا ہو گی۔
ہندوستانی قائد نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اس سیریز کو اپنے نام کر کے ٹنڈولکر کی الوداعی سیریز کو یادگار بنائیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ریکارڈ ساز بلے باز سچن کے پاس اپنے الوداعی ٹیسٹ میچوں میں دو سٹیڈیمز میں ہزار رنز مکمل کرنے کا موقع بھی ہو گا۔
اس سے قبل دو سٹیڈیمز میں ٹیسٹ میچوں میں ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز سنیل گواسکر کو حاصل ہے جنہوں نے وینکھڈے سٹیڈیم ممبئی اور چنائی سٹیڈیم میں ہزار سے زائد رنز بنا رکھے ہیں۔
ٹنڈولکر ایڈن گارڈن کے مقام پر ویسٹ انڈیز کے خلاف بدھ سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں اپنا 199واں میچ کھیلنے میدان میں اتریں گے تو انہیں اس گراؤنڈ پر ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے 138 رنز درکار ہوں گے۔
ٹنڈولکر نے اس سٹیڈیم میں 12 میچوں میں 862 رنز بنا رکھے ہیں اور وہ ہزار رنز مکمل کر لیتے ہیں تو وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے تیسرے ہندوستانی ہوں گے جہاں اس سے قبل وی وی ایس لکشمن اور سنیل گواسکر بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
ٹنڈولکر دوسرا ٹیسٹ اپنے آبائی سٹیڈیم وینکھڈے میں کھیلیں گے جہاں پر انہیں ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 153 رنز کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ سچن ٹنڈولکر کی الوداعی ٹیسٹ سیریز کا حصہ ہونا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے، سیریز میں صرف ٹنڈولکر ہی نہیں بلکہ پوری ہندوستانی ٹیم نشانے پر ہو گی۔
منگل کو پریس کانفرنس سے خطابر کرتے ہوئے ویسٹ انڈین قائد نے کہا کہ لٹل ماسٹر ٹنڈولکر کے خلاف آخری سیریز کھیلنا پوری ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے باعث فخر ہے، سچن ٹنڈولکر نے عمدہ بیٹنگ سے نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں اپنا نام پیدا کی۔
سیمی نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر ہمیشہ خطرناک حریف ثابت ہوئی ہے لیکن کھلاڑی ڈٹ کر مقابلے کے لیے تیار ہیں، گزشتہ دس برسوں سے میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کی روایت کو توڑنے کے لیے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم گزشتہ دس سال سے ہندوستان کے خلاف ایک بھی ٹیسٹ میچ جیتنے میں ناکام رہی ہے۔