اسرائیل کا چار فلسطینی ' عسکریت پسند' ہلاک کرنے کا دعویٰ
یروشلم: جمعے کے روز اسرائیلی طیاروں نے اسرائیلی فوج کی جانب سے بیان کردہ ایک ' دہشتگردی کی سرنگ' پر بمباری کی ہے اور حماس نے کہا ہے کہ اس کے تین مزاحمت کار اس واقعے میں مارے گئے ہیں۔
جبکہ اسرائیلی افواج نے کہا ہے کہ اس میں حماس کے چار مزاحمت کار ہلاک ہوئے ہیں۔
اسرائیلی افواج کے مطابق غزہ کی اس سرنگ کو حماس کے جنگجو استعمال کرتے تھے۔
فوج کے مطابق یہ واقعہ اس کارروائی کے بعد پیش آیا جس میں اس کے پانچ فوجی ایک اور سرنگ کو تباہ کرنے میں زخمی ہوئے تھے اور اس میں حماس کا ایک کارکن مارا گیا تھا۔
یہ تازہ حملہ اس آٹھ روزہ مہم کا ہلاکت خیز بھی ہے جس کے تحت اسرائیلی افواج غزہ سے حملے روکنے کیلئے کارروائیاں کررہی ہیں۔
اس کے بعد اسرائیلی فوج کی سدرن کمانڈ کے سربراہ جنرل سامی ترگمان نے ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمی سپاہیوں سے ملاقات کی۔ یہ فوجی غزہ میں حال ہی میں کھودی جانے والی ایک سرنگ کو تباہ کررہے تھے۔
دوسری جانب غزہ کی وزارتِ صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا ہے اسرائیلی ٹینک کے گولے سے ایک فلسطینی ہلاک ہوا ہے اور تصدیق کی کہ اس کا تعلق حماس سے ہے۔