• KHI: Maghrib 6:46pm Isha 8:02pm
  • LHR: Maghrib 6:18pm Isha 7:40pm
  • ISB: Maghrib 6:24pm Isha 7:48pm
  • KHI: Maghrib 6:46pm Isha 8:02pm
  • LHR: Maghrib 6:18pm Isha 7:40pm
  • ISB: Maghrib 6:24pm Isha 7:48pm

پولیس فاؤنڈیشن کرپشن: انجم عقیل کیخلاف کارروائی کا حکم

شائع October 31, 2013

سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل۔ فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کرپشن کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین نیب کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان سمیت تمام ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرکے 90 روز میں عدالت کو رپورٹ پیش کریں۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز احمد چوہدری نے 82 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا جو جمعرات کو جاری کیا گیا جس میں قرار دیا گیا کہ پولیس فاؤنڈیشن اور انجم عقیل کے درمیان ہونے والا معاہدہ کرپشن پر مبنی تھا۔

عدالت نے انجم عقیل خان کو 27 مئی 2011ء کے معاہدہ کے مطابق نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کو 126 کنال اراضی یا 88 ڈویلپڈ پلاٹوں کی قیمت دو ماہ میں ادا کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ دوسری صورت میں ان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کی جائے گی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ انجم عقیل خان یا ان کا نامزد کنندہ صرف وہی پلاٹ رکھنے کا مجاز ہو گا جو اس کو زمین کے بدلے الاٹ کیا گیا ہو لیکن اس کے لیے انہیں ترقیاتی اخراجات کی ادائیگی ضرور کرنا ہوگی ورنہ وہ اس کے حقدار نہیں ہوں گے۔

عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسے افراد جنہیں انجم عقیل خان نے پلاٹوں کے لیے نامزد کیا انہیں ان کو اس وقت تک پلاٹ الاٹ نہ کیے جائیں جب تک ان کی قانونی حیثیت ثابت نہیں ہوتی تاہم اگر ایسے افراد چاہیں تو انجم عقیل خان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر سکتے ہیں۔

عدالت نے 4 مارچ 2013ء کو انجم عقیل خان اور نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے درمیان طے پانے والے معاہدہ کو بھی غیر قانونی قرار دے دیا۔

عدلیہ کا کہنا تھا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بھی من پسند افراد کو پلاٹ دیے ہیں جبکہ غریب پولیس اہلکار اور ملک و قوم کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں یا ان کے لواحقین کو یکسر نظر انداز کیا گیا۔

فیصلے کے مطابق اعلیٰ پولیس افسران نے مختلف ناموں پر متعدد پلاٹ لے کر اسے کاروبار بنا لیا جس کی قانون اجازت نہیں دیتا۔

اس حوالے سے عدالت نے ایم ڈی نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ دو ماہ کے اندر عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کر کے عدالت کو آ گاہ کریں جس کے بعد آڈیٹر جنرل ایک ماہ کے اندر وصولیوں اور ادائیگیوں کے حوالے سے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی آڈٹ رپورٹ پیش کریں گے۔

عدالت نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن میں غیر قانونی الاٹ شدہ پلاٹ منسوخ کرنے کی ہدایت بھی کی ہدایت کی اور کہا کہ اگر کوئی الاٹی پلاٹ رکھنا چاہے تو مارکیٹ ویلیو کے مطابق دو ماہ میں اس کی قیمت ادا کرے بصورت دیگر پلاٹ منسوخ تصور ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2025
کارٹون : 25 مارچ 2025