'پتہ نہیں ان کے دماغ میں کیا تھا'
دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ناراض کپتان مصباح الحق نے جمعرات کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ کے دوران ایک رن کی تلخ شکست کو بھول کر بقیہ میچز پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا ہے۔
خیال رہے کہ بدھ کو پاکستان نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بظاہر جیتی ہوئی بازی مہمان ٹیم کو تحفے میں دیدی۔
184 رنز کا تعاقب کرنے والے پاکستانی بلے بازوں کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گرین شرٹس نے صرف 17 رنز کے اضافے سے آخری چھ وکٹیں گنوائیں۔
تاہم مصباح کا کہنا تھا کہ دبئی میں کھیلے جانے والا میچ نئے چیلنجز کے ساتھ آئے گا۔
'اگر ہم صرف اس چیز کو یاد کرتے رہیں کہ پچھلے میچ میں کیا ہوا تھا تو ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تمام کھلاڑیوں کو پچھلے میچ کو بھلا کر اگلے میچ کو ایک نئے میچ کی حیثیت سے کھیلنا پڑے گا۔'
جنوبی افریقہ کی جانب سے وین پارنیل نے 56 رنز اور تین اہم وکٹیں حاصل کرکے جیت مییں اہم کردار ادا کیا اور مین آف دی میچ قرار پائے۔
مصباح کا کہنا تھا کہ بلے بازوں نے ایک مرتبہ پھر مایوس کیا۔
'آخری چھ بیٹسمین کو یہ جانتے ہوئے بلے بازی کرنی چاہیے تھی کہ کتنے رنز کی ضرورت ہے۔ ان کا غیر ذمہ دارارنہ شاٹس کھیل کر آؤٹ ہونا انتہائی مایوس کن تھا۔'
مصباح جن کا 36ویں اوور میں آؤٹ ہونا میچ میں ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، کا کہنا تھا 'کھلاڑیوں کو سمجھنا ہوگا کہ ایسی صورت حال میں کیسے کھیلا جاتا ہے۔'
ابتدا میں احمد شہزاد نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم ان کے اور پاکستانی کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن اپ ڈھیر ہوگئی۔
بعدازاں عمر اکمل 18، عمر امین 20 اور شاہد آفریدی 9 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد عرفان تھے جن کی وکٹ کے ساتھ جنوبی افریقہ نے یہ ناقابل یقین فتح حاصل کی۔
'میرا خیال ہے کہ میری وکٹ کے بعد امین اور اکمل کا آؤٹ ہونا انتہائی اہم تھا۔ اس کے بعد آفریدی اکیلے رہ گئے تھے، ہم چاہتے تھے کہ وہ میچ کو آخر تک لے کر جائیں۔'
مصباح کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ایک اوور میں دو رن سے کم بنانے تھے تاہم 'میں نہیں جانتا کہ بلے بازوں کے دماغ میں کیا چل رہا تھا، شاید وہ کچھ زیادہ ہی ریلیکس ہوگئے تھے۔'
دوسری جانب اے پی ڈیویلئرز نے اپنی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پورے اننگ کے دوران محسوس ہورہا تھا کہ ہم صورت حال کو تبدیل کرتے ہوئے میچ میں فتح حاصل کرسکتے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستانی نژاد جنوبی افریقی باؤلر عمران طاہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا 'امی (عمران) کی پرفارمنس شاندار رہی۔ ہمیں یہاں سوٹسوبے کو بھی کریڈٹ دینا چاہیئے جن کی دو وکٹوں کے بعد امی نے اپنا جادو چلایا۔'
دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ جمعہ کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔