انڈیا: آندھرا پردیش میں بس حادثہ، 44 ہلاکتیں
ہندوستان کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش کی پولیس کا کہنا ہے کہ آج بدھ کے روز ایک مسافر بس کو آگ گلنے سے کم سے کم 44 افراد ہلاک ہوگئے۔
مقامی پولیس کے ایک ترجمان وینکٹ شوارلو کا کہنا ہے کہ بنگلور اور حیدرآباد کو ملانے والی ایک شاہراہ پر یہ واقعہ صبح تقریباً پانچ بجے کے وقت پیش آیا۔
انہوں نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والے 44 افراد میں بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا کہ ہے آگ لگنے کے بعد بس میں سوار کل 49 افراد میں سے پانچ افراد کھڑکیوں سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے جن میں بس کا ڈرائیور اور ایک ہیلپر بھی شامل ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ واقعہ کے بعد بس کے ڈرائیور اور عملے کے ایک شخص نے فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن پولیس انہیں اپنی حراست میں لے کر پوچھ گوچھ شروع کردی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تین زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بس میں آتشزدگی کی صحیح وجہ تو تفتیش کے بعد ہی سامنے آسکے گی لیکن بظاہر یہ وجہ ہی بتائی جارہی ہے کہ بس کا فیول ٹینک سڑک پر موجود کسی رکاوٹ سے ٹکرایا جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔
خیال رہے کہ ہندوستان میں ٹریفک حادثے عام ہیں اور ہر برس ہزاروں افراد ان حادثات میں ہلاک و زخمی ہو جاتے ہیں۔