ٹیم انڈیا کا کامیاب سفر جاری
پالے کیلی: ہندوستان نے سری لنکا کو واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں 39 رنز سے شکست دے دی۔
پالے کیلی میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سرلنکن قائد مہیلا جے وردنے نے ٹاس کا سکہ اپنے حق میں پلٹے دیکھ کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
سری لنکا کو پہلی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا، سات کے مجموعی اسکور پر شمندا ایرانگا نے اوپنر گوتم گمبھیر کی وکٹیں بکھیر دیں، وہ صرف چھ رنز بنا سکے۔
اس کے بعد اسٹائلش بلے باز ویرات کوہلی نے آئی پی ایل میں شاندار کاکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں جگہ بنانے والے اجنکیا رہانے کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 74 قیمتی رنز جوڑے۔
اکیاسی کے مجموعے پر رہانے 25 رنز بنا کر مینڈس کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔
اس کے بعد کوہلی کو نوجوان بلے باز سریش رائنا نے کریز پر جوائن کیا، دونوں نے مل کر مجموعے 129 تک پہنچایا، اسی مجموعے پر کوہلی اڑسٹھ کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد ایرانگا کا شکار بنے۔ انھوں نے گیارہ چوکے اور ایک فلک بوس چھکا لگایا۔
اس کے بعد کریز پر آنیوالے انڈین کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے رائنا کے ساتھ مل کر مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔ بلو شرٹس نے مقررہ بیس اوورز میں 155 کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ ایک سو چھپن کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو عرفان پٹھان ان پر قہر بن ٹوٹ پڑے، فاسٹ بولر نے 7 کے مجموعے پر تلکارتنے دلشان جبکہ 14 کے اسکور پر اپل تھارنگا کو پویلین چلتا کیا۔
اسکور ابھی 35 تک ہی پہنچا تھا کہ پٹھان نے چھبیس رنز بنانے والے آئی لینڈر قائد مہیلا جے وردنے کو آؤٹ کرکے سری لنکن مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔
سری لنکن انگز کے دسویں اوور میں روی چندرن نے لہیرو تھری مننے کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کیلیے چوتھی وکٹ حاصل کرلی۔ تھری مننے صرف 20 رنز ہی بنا سکے۔
اسکور 96 ہوا تو اشوک ڈینڈا نے سری لنکن اننگز میں سب زیادہ اکتیس رنز بنانے والے کھلاڑی اینجلو میتھیوز کو چلتا کرکے حریف کو بڑا جھٹکا دیا۔
اس کے بعد آئی لینڈرز کی وکٹوں کی جھڑی لگ گئی اور کوئی بھی بلے باز انڈین بالرز کی نپی تلی بالنگ کا جم کر سامنا نہ کرسکا۔
جیون مینڈس گیارہ رنز بناکر اومیش یادو کا شکار بنے، پریرا ایک رن بناکر رن آئوٹ ہوئے، اس کے بعد چندیمل سات، ایرنگا 6 اور لاستھ ملنگا صفر کو ڈینڈا نے ٹھکانے لگایا۔
سری لنکا کی پوری ٹیم ایک سو سولہ رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، انڈیا کی طرف سے ڈینڈا سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے چار وکٹیں اپنے نام کیں، عرفان پٹھان 3 وکٹوں کے ساتھ دوسرے کامیاب بولر رہے۔
عرفان پٹھان کو سری لنکن بیٹنگ لائن کی بنیادیں ہلانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔












لائیو ٹی وی