ڈیو پلیسی کو کم سزا کیوں؟ پی سی بی کا سوال

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے بال ٹیمپرنگ کے حوالے سے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی فاف ڈیو پلیسی اور شاہد آفریدی کی سزاؤں میں فرق ہونے پر آئی سی سی کو خط لکھ دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دبئی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز فاف ڈیو پلیسی کو ٹراؤزر کی زپ سے گیند کو رگڑتے ہوئے واضح طور پر دکھایا گیا۔
کھلے عام بال ٹیمپرنگ پر فیلڈ امپائرز نے جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ کو بلا کر تنبیہ کرنے کے بعد گیند تبدیل کی اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کو پانچ پینلٹی رنز بھی ایوارڈ کر دیے تھے۔
کرکٹ قانون 42.3 کے مطابق گیند کو گراؤنڈ پر رگڑنا، سلائی اتارنا یا پھر ناجائز فائدہ اٹھانے کے لیے کسی بھی چیز کے استعمال سے اس کی حالت سے تبدیل کرنا ممنوع ہے۔
پی سی بی کی جانب سے لکھے گئے خط میں لکھا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے بال ٹمپرنگ کر کے ایک ہی طرح کی غلطی کی تھی لیکن شاہد آفریدی کو زیادہ سزا اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کو کم سزا دی گئی۔
خط میں آئی سی سی سے شاہد آفریدی اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑی فاف ڈوپلیسی کی سزاؤں میں فرق ہونے کے بارے میں جواب مانگا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں پاکستانی کھلاڑیوں شاہد آفریدی او ر شعیب اختر کو بال ٹمپرنگ پر دو میچ کی پابندی کی سزا ملی تھی لیکن جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ڈوپلیسی پر بال ٹمپرنگ پر میچ فیس کا 50فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔
حالانکہ اسی معاملے پر ڈیو پلیسی پر دو میچوں کی پابندی لگائی جاسکتی تھی لیکن انہیں آئی سی سی کے قوانین کی نرم سے نرم سزا دی گئی۔