ایپل کا نیا آئی پیڈ ایئر
سان فرانسسکو: ایپل نے اپنے آئی پیڈ سیریز کے نئے، جدید اور سلم ماڈلز متعارف کرا دیے ہیں۔
منگل کو ایک تقریب رونمائی میں پیش کیا جانے والا فل سائز ٹیبلٹ کمپیوٹر 'آئی پیڈ ایئر' پچھلے ماڈل 'آئی پیڈ فور' سے 43 فیصد پتلا اور اس کا وزن محض ایک پاؤنڈ (450 گرام) ہے۔
ایپل کے نائب صدر فل شائلر نے 'آئی پیڈ ایئر ' کو انتہائی تیز رفتار قرار دیا ہے۔
تقریب میں ہائی ڈیفینیشن ریٹینا ڈسپلے، تیز رفتار کمپیوٹنگ پاور اور جدید گرافکس والے آئی پیڈ منی کا نیا ماڈل بھی متعارف کرایا گیا۔
آئی پیڈ کے یہ دونوں نئے ماڈل پہلی نومبر سے مختلف ملکوں میں فروخت کے لیے پیش کر دیے جائیں گے۔
امریکا میں آئی پیڈ ایئر کی قیمت 499 ڈالرز سے جبکہ آئی پیڈ منی کی قیمت 399 ڈالرز سے شروع ہو گی۔
ایپل نے نئی ماڈلز سامنے آنے کے بعد سیریز کے پرانے ٹیبلٹس کی قیمتیں گھٹانے کا بھی اعلان کیا ہے۔
تقریب رونمائی کے دوران ایپل نے بتایا کہ دونوں نئے آئی پیڈز میں ایپل کی ڈیزائن کردہ جدید ترین 64 بٹ اے -سیون چپ استعمال کی گئی ہیں۔
شائلر کے مطابق، آئی پیڈ نے مکمل طور پر ایک نیا موبائل کمپوٹنگ تجربہ پیش کیا، اور آئی پیڈ ایئر مستقبل کی جانب ایک اور بڑی چھلانگ ہے۔
'یہ اتنا پتلا، ہلکا اور طاقتور ہے کہ اسے اٹھانے اور استعمال کرنے کے بعد آپ کو اندازہ ہو گا کہ یہ کتنی بڑی پیش رفت ہے'۔
خیال رہے کہ نئے آئی پیڈز اسی دن متعارف ہوئے ہیں جب مائیکرو سافٹ اپنے جدید 'سرفیس' ٹیبلٹس کی فروخت شروع کر رہا ہے اور نوکیا نے اپنی نئی مصنوعات پیش کیں۔
کمپیوٹر اور ٹیکنالوجی صنعت پر نظر رکھنے والے ادارے گارٹنر نے پیر کو پیشن گوئی کی کہ پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال ٹیبلٹ کی عالمی شپنگ 53٫4 فیصد بڑھ کر 184 ملین تک پہنچ جائے گی۔
تازہ سروے کے مطابق، ٹیلبٹس مارکیٹ میں آئی پیڈ کا غلبہ ہے لیکن گوگل کے اینڈروائڈ آپریٹنگ سسٹم استعمال کرنے والے ٹیبلٹس تیزی سے اپنی جگہ بنا رہے ہیں۔
ایپل نے آج اپنی نوٹ بکس کی میک بک لائن کے اپ گریڈز متعارف کراتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس کا نیا آپریٹنگ سسٹم 'میوورک' بطور فری اپ گریٹ تمام ایپل کپمیوٹرز کے لیے دستیاب ہو گا۔