• KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:25am
  • LHR: Fajr 4:30am Sunrise 5:53am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:57am
  • KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:25am
  • LHR: Fajr 4:30am Sunrise 5:53am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:57am

'جرائم کے خاتمے تک کراچی آپریشن جاری رہے گا'

شائع October 15, 2013

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس جاری ہے۔ فوٹو اے پی پی

کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بھتہ مافیا، ٹارگٹ کلرز، اغواء برائے تاوان کے ملزمان سمیت دیگر جرائم پیشہ افراد کے مکمل خاتمے تک کراچی میں آپریشن جاری رہے گا چاہے اس میں ایک سال لگے یا 10 سال۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی شب وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال کے سلسلے میں منعقدہ ہفتہ وار اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن میں رینجرز اور پولیس کی کارکردگی قابل ستائش ہے جس سے اہالیان کراچی اور صنعت کاروں، تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھتہ مافیا، ٹارگٹ کلرز، اغواء برائے تاوان کے ملزمان سمیت دیگر جرائم پیشہ افراد کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا چاہے اس میں ایک سال لگے یا 10 سال لگیں۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر رینجرز اور پولیس کا گشت جاری رہے گا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جائے گا۔

قربانی کی کھالوں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کھالیں جمع کرنے اور ان کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کے لیے ہدایت جاری کر دی ہے لیکن کسی کو بھی کھالیں چھیننے یا زبردستی مانگنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گرفتار ملزمان کے ریمانڈ میں 14 دنوں کے مقابلے میں 90 دنوں تک ریمانڈ دینے کی تجویز سے ٹرائل میں بہتری آئے گی اور گواہ کو بھی سامنے نہیں لایا جائے گا جبکہ مقدمہ کے ٹرائل بھی جیل میں چلائے جائیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس نے ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران 1948 ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت سمیت دیگر عدالتوں میں چالان جمع کروائے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس نے 5909 ملزمان اور سی آئی ڈی نے 91 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت گرفتار ملزمان سے تفتیش کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے 200 نئے لاء گریجویٹ تفتیشی افسران بھرتی کرے گی تاکہ ملزمان کو سزا دلوانے میں مزید بہتری آ سکے۔

کارٹون

کارٹون : 30 مارچ 2025
کارٹون : 29 مارچ 2025