نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے ہفتے کے روز نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے 14 اکتوبر کو سماعت کا اعلان کیا ہے۔
عوامی حقوق کے ایک کارکن، محمود اختر نقوی نے وزیر اعظم نواز شریف کے کراچی کے ججوں کے بارے میں توہین آمیز زبان استعمال کرنے کے حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف کاروائی کرنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف نے پشاور کے دورے پر کہا تھا،' یہاں تک کہ کراچی کے جج فیصلہ کرنے سے ڈرتے ہیں،' اور ان کے نزدیک یہ الفاظ توہین عدلیہ کے زمرے میں آتے ہیں۔
انہوں نے دعوٰی کیا کہ وزیر اعظم نے کراچی کے ججوں کے بارے میں توہین آمیز زبان استعمال کی تھی اور اس لحاظ سے وہ آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کےمعیارات پر پورا نہیں اُترتے۔
نقوی نے کہا کہ اس طرح کا بیان ججوں کو ہتک کے مترادف تھا اور یہ توہین عدالت کے دائرے میں آتا ہے۔
انہوں نے عدالت سے وزیر اعظم کی قومی اسمبلی کی رکنیت اور وزارت عظمٰی کے عہدے سے نا اہل اور ان کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی شروع کرنے کی درخواست کی ہے۔
کورٹ نے یہ درخواست قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس کی سماعت 14 اکتوبر سے شروع کی جائے گی۔