امارات سیریز: گریم اسمتھ نے اجمل کو خطرہ قرار دے دیا

جوہانسبرگ: جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کپتان گریم اسمتھ نے سعید اجمل کو رواں ماہ پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز کے نتیجے کے دارومدار اس بات پر ہو گا کہ ہم اجمل سے کس طریقے سے نمٹتے ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 14 اکتوبر سے ابو ظہبی میں ہو گا جبکہ دونوں ٹیمیں 23 اکتوبر سے دبئی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
اسمتھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ امارات میں کس طریقے کی کرکٹ کھیلنا ہو گی اور مختلف کنڈیشنز میں کس طریقے سے کامیاب ہوا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ وہاں گیند بہت زیادہ اسپن ہو گی اور ٹور میں کامیابی کا دارومدار اس بات پر ہو گا کہ ہم اجمل کو کس طریقے سے کھیلتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں جنوبی افریقہ کپتان نے کہا کہ میں نے گزشتہ سال پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی سیریز دیکھی تھی، وہاں گیند اسپن ہوا تھا لیکن میرے خیال میں انگلینڈ کو جس حساب سے تیاریاں کرنی چاہیے تھیں وہ اس حساب سے ذہنی طور پر تیار نہ تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال متحدہ امارات میں اس وقت کی عالمی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 3-0 سے کلین سوئپ کیا تھا، مذکورہ سیریز میں سعید اجمل نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
تاہم اسمتھ نے رواں سال سیریز کا حوالہ دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم اسی طرز کی کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کو شکست دینے میں کامیاب رہے گی۔
رواں سال جنوبی افریقہ میں ہونے والی سیریز میں اسمتھ الیون نے پاکستان کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 3-0 سے شکست دی تھی۔
انجری کے باعث کافی عرصے سے کرکٹ سے دور جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ اتنے عرصے کرکٹ سے دور رہنے کے باعث وہ امارات میں سیریز کے موقع پر خود کو کھیل میں ایک بار پھر نووارد محسوس کریں گے۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ 'مجھے یہاں بیٹھتے ہوئے بہت عجیب محسوس ہو رہا ہے، جب ساڑھے پانچ ماہ قبل میری سرجری ہوئی تھی تو مجھے اس بات کا اندیشہ تھا کہ مجھے کرکٹ میں واپسی میں کافی وقت لگے گا'۔
واضح رہے کہ 110 ٹیسٹ کھیلنے والے اسمتھ کو ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 102 میچز میں قیادت کے فرائض انجام دینے کا منفرد ریکارڈ بھی حاصل ہے۔
ریکارڈ ساز جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ اس وقت میں ایسا محسوس کر رہا ہوں جیسے میں بہت سے تجربے کے ساتھ اپنی زندگی کے پہلے دورے پر جا رہا ہوں۔
اس موقع پر اسمتھ نے نروس ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک عرصے سے کرکٹ نہیں کھیل سکا اور پہلے ٹیسٹ سے قبل مجھے صرف ایک وارم اپ میچ کھیل کر خود کو سیریز کے لیے تیار کرنا ہے۔
انہوں نے انجری کے دوران گزارے گئے دنوں کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ابھی بھی مزید کئی سال تک کرکٹ کھیل سکتے ہیں اور پاکستان کے خلاف سیریز میں اپنا حصہ ڈال کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کی پوری پوری کوشش کریں گے۔











لائیو ٹی وی