موسم کی مداخلت: لیڈز ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن

شائع August 5, 2012

خراب موسم اور بارش کی مداخلت کے باعث لیڈز ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔ فائل فوٹو اے ایف پی

لیڈز: انگلینڈ کی شاندار بیٹنگ اور کم روشنی اور بارش کی آنکھ مچولی کے باعث انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا جانیوالادوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔

اتوار کو انگلینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اسے دن کی دوسری ہی گیند پر بہت بڑا دھچکا لگا جب 149 پر بیٹنگ کرنیوالے پیٹرسن اسکور میں بغیر کسی اضافے کے پویلین واپس لوٹ گئے، اس خوبصت اننگز کے دوران انھوں 22 گیندوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایک فلک بوس چھکا بھی لگایا، انھیں مورکل کی گیند پر پیڈ وکٹوں کے سامنے لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار دیا گیا۔

اس کے بعد پرائر نے بریسنن کے ساتھ ملکر اسکور میں قیمتی 45 رنز کا اضافہ کیا، وکٹ کیپر نے اس دوران اپنے 50 رنز بھی مکمل کر لیے، 396 کے مجموعے پر بریسنن 9 رنز بناکر فیلنڈر کی گیند پر اسمتھ کو کیچ دیکر چلتے بنے۔

اسکور 407 پر پہنچا تو براڈ 1 رن بنا کر عمران طاہر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، 420 کے اسکور پر میٹ پرائر انگلینڈ کو محض ایک رن کی برتری دلا کر آؤٹ ہو گئے، انھوں نے 68 رنز کی اننگز 8 گیندوں کو باؤنڈری کے پار پہنچایا۔ 425 کے مجموعے پر انگلینڈ کی آخری وکٹ گری جب 8 رنز بنانے والے اینڈرسن عمران طاہر کی گیند پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ کرسکے۔ اس طرح انگلینڈ نے پروٹیز کیخلاف پہلی اننگز میں 6 رنز کی برتری حاصل کی۔

ساؤتھ افریقہ کی طرف سے عمران طاہر 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے لیکن اس کے لیے انہیں 92 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی، مورکل، فلینڈر اور اسٹین دو دو جبکہ کیلس کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

الویرو پیٹرسن کی انجری کے باعث جیک روڈلف نے کپتان گریم اسمتھ کے ساتھ ساؤتھ افریقہ کی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

گریم اسمتھ خاصے خوش قسمت رہے جب جیمز اینڈرسن کی گیند پر امپائر روڈ ٹکر نے ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل مسترد کردی، سیریز برابر کرنے کیلیے بے چین انگلینڈ نے اس موقع پر ریویو کا استعمال کیا تاہم تیسرے امپائر نے بھی فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رکھا۔ اس کے بعد وقے وقفے سے بارش کی آنکھ مچولی جاری رہی، بارش کے باعث جب کھیل جلدی ختم کیا گیا تو اس وقت ساؤتھ افریقہ نے بغیر کسی نقصان کے 39 رنز بنالیے تھے، گریم اسمتھ 17 جبکہ جیک روڈلف 21 رنز پر ناقابل شکست ہیں.

جنوبی افریقہ کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025