بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹفکیشن واپس
اسلام آباد: وزارتِ پانی و بجلی نے بجلی کے نئے نرخوں میں اضافے کا نوٹفیکیشن واپس لیتے ہوئے نئے ٹیرف پر کام شروع کردیا ہے۔
وزارت نے ایک جانب تو اس سلسلے میں نیپرا کو ہدایات جاری کی ہیں تو دوسری طرف بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو نئے ٹیرف پر بل جاری کرنے سے منع کردیا تھا۔
واضح رہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر تیس ستمبر کو جہاں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کی تھیں وہیں بجلی کے نرخ میں غیرمعمولی اضافے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر کی سیاسی جماعتوں اور میڈیا نے اس فیصلے پر شدید تنقید کی تھی۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے بجلی کے نرخوں میں اضافے پر ازخود نوٹس لے کر حکومت سے وضاحت طلب کی تھی۔
حکومتی فیصلے کے تحت بجلی کے نرخوں میں 40 تا 210 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔ لیکن اب یہ نوٹیفیکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت پانی و بجلی نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر نئے ٹیرف اسٹرکچر پر کام شروع کردیا ہے۔ جس میں گھریلو صارفین کے ٹیرف میں کم اضافہ کرنے پر غور کیا جائے گا۔
جبکہ زرعی صارفین کیلئے بھی نئے ٹیرف کو معطل کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ 8 ستمبر تک نیا نوٹیفیکیشن جاری نہ ہوا تو بل پرانے ٹیرف پر جاری ہوں گے۔
حکومتی حلقوں کی جانب سے اگلے دنوں میں آئی ایم ایف کو ان نئے اقدامات پر قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔