• KHI: Partly Cloudy 25°C
  • LHR: Clear 19.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 25°C
  • LHR: Clear 19.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.9°C

ساؤتھ افریقہ کو اسپن سے قابو کرنے کا منصوبہ

شائع October 2, 2013

کوچ ڈیو واٹمور کھلاڑیوں کو ٹریننگ کیمپ کے موقع پر تربیت دیتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے خبردار کیا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں حریف کو اسپن اٹیک سے قابو کریں گے۔

قومی ٹیم کے کوچ نے منگل کو جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں جاری ٹریننگ کیمپ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کھلاڑی رواں سال کے آغاز میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ہونے والی 3-0 کی کلین سوئپ شکست کا بدلہ لینا چاہتے ہیں، ہمیں وہاں اس لیے شکست کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ہمارے کھلاڑی وہاں کی تیز اور سوئنگ پچز کے لیے تیار نہ تھے۔

تاہم واٹمور کا کہنا تھا کہ یو اے ای کی کنڈیشنز مختلف ہوں گی، ہم ان سے ہم آہنگ ہیں اور یہ ہمارے لیے موزوں بھی ہوں گی، ہمارے پاس اسپن پچز بنانے کا آپشن بھی موجود ہے اور ہم اپنی طاقت کے حساب سے میدان میں اتریں گے کیونکہ ہماری ٹیم میں دو بہترین اسپنرز موجود ہیں۔

پاکستان کو رواں سال کے آغاز میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹیسٹ میچز میں تین صفر کی کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن گرین شرٹس کے لیے سب سے بڑا دھچکا گزشتہ ماہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں شکست تھی جس کے باعث قومی کی عالمی رینکنگ میں چھٹے درجے پر تنزلی ہو گئی تھی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تین صفر سے کامیابی کے باوجود محسن حسن خان کو کوچ کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے ان کی جگہ ڈیو واٹمور کو ذمے داریاں سونپی جہاں ان کی زیر نگرانی گرین شرٹس اب تک گزشتہ آٹھ ٹیسٹ میچوں میں صرف ایک کامیابی اور وہ بھی زمبابوے جیسی ٹیم کے خلاف حاصل کر سکی ہے جبکہ اسی دوران مصباح الیون کو پانچ ناکامیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

حالیہ دنوں میں شدید دباؤ کا شکار قومی ٹیم کے کوچ نے ٹیم کی موجودہ ناقص پرفارمنس کی وجہ قومی ٹیم کے ہوم گراؤنڈ پر میچز نہ کھیلنے کو قرار دیا۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے کسی انٹرنیشنل ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور پاکستان کو اپنے زیادہ تر ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنے پڑیں۔

ایک مرتبہ بقیہ پھر دیگر ٹیموں کی طرح جنوبی افریقہ نے بھی سیکیورٹی وجوہات کے باعث پاکستان آنے سے منع کر دیا جس کے باعث پاکستان کو دو ٹیسٹ میچز، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز یو اے ای میں ہی کھیلنی پڑے گی۔

واٹمور کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ٹیموں کے پاکستان نہ آنے اور اے ٹیم کے مستقل دورے نہ ہونے کے باعث ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر نہیں آرہے۔

قومی ٹیم کے کوچ نے زور دیا کہ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ہمیں انترنیشنل کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ کے درمیان موجود خلا پر کرنے کی ضرورت ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

اسٹین پاکستان کیخلاف پرفارم کرنے کیلئے بے تاب Oct 08, 2013 12:58pm
[…] بیان میں کہا تھا کہ جنوبی افریقی بیٹنگ لائن کو جارحانہ اسپن باؤلنگ سے قابو کیا جائے […]
‘یہ جنوبی افریقہ نہیں ہے’ Oct 09, 2013 04:29pm
[…] قبل پاکستانی کوچ ڈیو واٹمور نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جنوبی افریقی بیٹنگ لائن کو جارحانہ اسپن باؤلنگ سے قابو کیا جائے […]

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2025
کارٹون : 23 دسمبر 2025