'اسد رؤف پر تاحیات پابندی لگائی جائے'

لاہور: سابق فاسٹ باؤلر سرفراز نواز نے کہا ہے کہ آئی سی سی نے امپائرز اور کھلاڑیوں پر کسی سے تحائف لینے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے اور اس کی خلاف ورزی پر پاکستانی امپائر اسد رؤف پر تاحیات پابندی لگانی چاہیے۔
سرکاری خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی امپائر اسد رؤف کی طرف سے اپنے خلاف الزامات کے دفاع میں مزارات کی چادریں لینے کا جو بیان سامنے آیا ہے اس میں کوئی جان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ رؤف آئی سی سی کے قانون کے مطابق کسی قسم کا تحفہ وصول نہیں کرسکتے اور اس کی خلاف ورزی کرنے پر ان پر بھی عمر بھر کی پابندی عائد کی جانی چاہیے۔
سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ اگر آئی سی سی نے اسد رؤف کو الزامات سے کلیئر قرار دیا ہے تو انہیں آئی سی سی کی تحریری کلیئرنس عوام اور پی سی بی کے سامنے لانی چاہئے تاکہ پی سی بی اس معاملے میں ہندوستانی کرکٹ بورڈ سے بات کر سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ممبئی پولیس کی جانب سے سٹے بازی کی چارج شیٹ جاری کی گئی جس میں آئی پی ایل فرنچائز چنئی سپر کنگز کے مالک گروناتھ میاپن اور پاکستانی امپائر اسد رؤف سمیت متعدد افراد کے نام شامل کیے گئے تھے۔
گزشتہ روز پاکستانی ایمپائر اسد رؤف نے ممبئی پولیس کی اپنے خلاف چارج شیٹ کو مستر د کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہلی ایئرپورٹ پر ان کے بیگوں میں زیورات نہیں بلکہ مزارات کی چادریں تھیں جو وہ اپنے بیمار بیٹے کی شفاء کے لئے پاکستان لے جارہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے تمام اثاثوں یبنک اکاؤنٹس اور موبائل سمز کے بارے میں آئی سی سی کو آگاہ کیا تھا لیکن آئی سی سی نے اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد انہیں کوئی نوٹس جاری نہیں کیا۔
پاکستانی امپائر کا کہنا تھا کہ ممبئی پولیس پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے حقائق کو مسخ کررہی ہے، اس سے قبل بھی آئی سی سی اس معاملہ پر تحقیقات کرچکی ہے اور اب بھی پاکستانی عدالت یا آئی سی سی اس الزام کے بارے میں تحقیقات کرنا چاہے تو اپنا دفاع کروں گا۔