اسحٰق ڈار کی مصری ہم منصب سے گفتگو، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

شائع April 26, 2025
— فائل فوٹو: اے پی پی
— فائل فوٹو: اے پی پی

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق دوران گفتگو نائب وزیر اعظم نے حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کیا، اور اس کے یکطرفہ اقدامات اور پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کی مذمت کی۔

انہوں نے قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دریں اثنا، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کا ترکیہ کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں انہوں نے بھارت کے بے بنیاد الزامات سے ترک ہم منصب کو آگاہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحٰق ڈار نے ترکیہ کے ہمہ وقت تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد 23 اپریل کو سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا اور پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

بعد ازاں، اگلے روز (24 اپریل) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025