’دوغلے پن‘ کی بات کرتے وقت ہانیہ عامر یا فہد مصطفیٰ کا نام نہیں لیا تھا، نعیمہ بٹ

شائع April 19, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ نعیمہ بٹ نے واضح کیا ہے کہ ’کبھی میں، کبھی تم‘ کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکاروں کے ’دوغلے پن‘ کا سامنا کرنے کی بات کرتے وقت انہوں نے ہانیہ عامر یا فہد مصطفیٰ کا نام نہیں لیا تھا۔

نعیمہ بٹ نے کچھ دن قبل ’گپ شب‘ میں بتایا تھا کہ عام طور پر شوبز انڈسٹری کی دوستیاں دکھاوا ہوتی ہیں، وہ صرف سوشل میڈیا تک محدود رہتی ہیں۔

نعیمہ بٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی ’کبھی میں، کبھی تم‘ کی شوٹنگ کے دوران دوغلے پن اور دکھاوے کی دوست کو نوٹ کیا اور زندگی بھر کے لیے سبق سیکھ گئیں کہ ہر دکھاوا دوستی نہیں ہوتی۔

انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ’کبھی میں، کبھی تم‘ کی شوٹنگ کے دوران جو اداکار کیمرے کے ساتھ ان کے ساتھ اچھا رویہ رکھتے تھے، کیمرا بند ہوتے ہی ان کا رویہ تبدیل ہوجاتا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کیمرا بند ہونے کے بعد انہیں ایک ساتھ اسٹیج پر آنے تک نہیں دیا جاتا تھا۔

انہوں نے اس وقت کسی بھی ساتھی اداکار کا نام نہیں لیا تھا اور اب انہوں نے ایک نئے انٹرویو میں اس حوالے سے مزید وضاحت کی ہے۔

یوٹیوبر کو دیے گئے انٹرویو میں نعیمہ بٹ نے کہا کہ ان سے اپنا تجربہ شیئر کرنے کا سوال کیا گیا تھا، جس کا انہوں نے اپنے تجربے کے حساب سے جواب دیا۔

ان کے مطابق انہوں نے کسی کو نشانہ نہیں بنایا، انہوں نے جو چیز نوٹ کی تھی، اس کی بات کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ’دوغلے پن‘ کا سامنا کرنے کی بات کرتے ہوئے کسی کا بھی نام نہیں لیا، ان کے ساتھ ’کبھی میں، کبھی تم‘ میں متعدد اداکاروں نے کام کیا۔

نعیمہ بٹ کے مطابق انہوں نے ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ کا نام بھی نہیں لیا تھا اور وہ اب بھی ان کا نام نہیں لی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ڈرامے میں ان کے ساتھ عماد عرفانی اور بشریٰ انصاری سمیت دیگر لوگ بھی تھے لیکن انہوں ںے کسی کا نام نہیں لیا، انہوں نے جو چیز محسوس کی، اس کا اظہار کیا۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے جو بات کہی، وہ بہت سارے لوگ سمجھ گئے اور ہر کسی کو پتا ہے کہ انہوں نے کس حوالے سے کیا بات کی۔

نعیمہ بٹ نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ بات کرنے کے بعد انہیں بہت سارے افراد نے میسیجز کرکے ان کی تعریفیں کیں اور بہت سارے لوگ ایسے ہیں جو ایسا دوغلہ پن برداشت کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق اسی طرح بات کرنے سے ہی ’دوغلہ پن‘ ختم کیا جا سکتا ہے، خاموشی کسی مسئلے کا حل نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025