فیکٹ چیک: وائرل ویڈیو میں شہباز شریف کے اجلاس میں گرنے کا دعویٰ غلط ہے
5 مارچ 2025 سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ایک اجلاس کے دوران رہنما کے گرنے کے مناظر دکھائے گئے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ویڈیو شہباز شریف کے گرنے کی ہے۔
آئی ویریفائی پاکستان کی ٹیم نے اس ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد اسے غلط قرار دیا ہے۔
دراصل، یہ ویڈیو مارچ 2017 کی ہے، جس میں لبنانی صدر ایک عرب لیگ اجلاس کے دوران گر جاتے ہیں۔
دعویٰ
5 مارچ 2025 کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر ایک اجلاس میں کسی شخصیت کے گرنے کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی جاتی ہیں جس میں وزیراعظم شہباز شریف کے گرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔
تاہم، فیس بک صارف کی گزشتہ پوسٹوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی ہیں، جنہوں نے اس کیپشن کے ساتھ ویڈیو شیئر کی تھی ’شہباز شریف اجلاس کے دوران چکر کھا کر گر گئے‘۔
فیس بک پر کی جانے والی اس پوسٹ سے متعلق اجلاس کا مقام، تاریخ یا کوئی اور معلومات فراہم نہیں کی گئی۔
اس ویڈیو کو 27 لاکھ ویویز ملے اور 13 ہزار سے زائد لوگوں نے اسے لائک کیا جب کہ 4 ہزار سے زائد مرتبہ یہ ویڈیو شیئر کی گئی۔
پہلی بار یہ ویڈیو شیئر ہونے کے بعد دیگر صارفین نے اس ویڈیو کو مختلف کیپشنز کے ساتھ شیئر کیا اور کسی نے اس ویڈیو کا اسکرین شارٹ لینے کے بعد تصاویر کی شکل میں اسے دیگر پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا۔
فیکٹ چیک
وزیرِاعظم کی سرگرمیوں میں عوامی دلچسپی اور ویڈیو کے وائرل ہونے کی وجہ سے اس دعوے کی صداقت جانچنے کے لیے ایک فیکٹ چیک کا آغاز کیا گیا۔
اس حوالے سے ’شہباز شریف‘، گرگئے، ٹھوکر لگ گئی، اجلاس جیسے الفاظ پر مبنی کی ورڈ سرچ کے ذریعے اس مبینہ واقعے کی تصدیق کے لیے خبروں کو تلاش کیا گیا لیکن اس حوالے سے کوئی خبر نہیں ملی۔
ریورس امیج سرچ کے ذریعے برطانوی اخبار دی ڈیلی میل کی ایک خبر سامنے آئی، جو 29 مارچ 2017 کو شائع ہوئی تھی جس میں مذکورہ فوٹیج موجود تھی۔
خبر کا عنوان تھا ’لبنان کے صدر عرب رہنماؤں کے سامنے سرخ قالین پر منہ کے بل گرگئے‘۔ اس خبر میں بتایا گیا کہ لبنانی صدر مشیل عون اردن میں عرب لیگ کے اجلاس کے دوران گر گئے تھے۔
فوٹیج میں یہ بھی دکھایا گیا کہ دو افراد فوراً ان کی مدد کے لیے دوڑے جب کہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی قریب ہی کھڑے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس اجلاس میں عرب دنیا کے 22 رہنما اکھٹے ہوئے تھے تاکہ شام کی جنگ، دہشت گردی کے خطرے اور دیگر مسائل پر گفتگو کی جا سکے۔
دعویٰ کی جانچ پڑتال کا نتیجہ : گمراہ کن
لہٰذا، فیکٹ چیک سے یہ بات سامنے آئی کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کے ایک اجلاس کے دوران گرنے کے بارے میں وائرل ویڈیو کا دعویٰ غلط ہے۔
یہ دراصل مارچ 2017 کی پرانی ویڈیو ہے، جس میں لبنانی صدر مشیل عون عرب لیگ کے اجلاس کے دوران گرتے ہیں۔