کراچی: کورنگی کریک میں لگنے والی آگ 18 روز بعد خود بجھ گئی
کراچی کے علاقے کورنگی کریک میں زمین میں کھدائی کے دوران لگنے والی آگ 18 روز بعد خود بجھ گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق آگ بجھنے کے بعد گیس کا اخراج جاری ہے جس کے باعث علاقے میں بو پھیل گئی۔
انتظامیہ کی جانب سے غیرمتعلقہ افراد کوگیس کے اخراج کے باعث قریب جانے سے روکا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ 28 مارچ کو نجی تعمیراتی کمپنی کے منصوبے کے لیے خالی پلاٹ میں پانی کے لیے بورنگ کیے جانے کے دوران 1200 فٹ گہرا گڑھا کھودا گیا تھا، اس دوران کھدائی کے مقام پر گیس کے اخراج کے بعد اچانک آگ لگ گئی تھی۔
گزشتہ روز چیف سیکریٹری سندھ کے ترجمان نے کہا تھا کہ کورنگی کریک میں آئل ریفائنری کے قریب ڈرلنگ کے دوران لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے امریکی ماہرین سے مشاورت کی جائے گی۔
گزشتہ اتوار کو یہ بات سامنے آئی تھی کہ مارچ کے آخر میں ایک ہاؤسنگ پروجیکٹ کی کھدائی کے دوران لگنے والی آگ ممکنہ طور پر مقررہ حد سے زیادہ مقدار میں کیمیکلز کے ارتکاز کی وجہ سے لگی تھی۔
گزشتہ ہفتے وفاقی حکومت نے ماہرین کی ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی، جو آگ لگنے کی وجوہات اور وسعت کا جائزہ لینے کے لیے تفصیلی تکنیکی تحقیقات کرے گی۔
چیف سیکریٹری سندھ کے ترجمان فرحت امتیاز جانوری کا کہنا ہے کہ وزارت پیٹرولیم نے امریکی کمپنی کڈ ویل کنٹرول کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) اور یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ (یو ای پی ایل) کی تکنیکی ٹیموں نے مشترکہ طور پر متاثرہ علاقے کا دورہ کیا ہے۔
ڈرلنگ، تکمیل اور حفاظتی ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم نے سائٹ کا معائنہ کیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ معائنے کے دوران یہ دیکھا گیا کہ آگ کی شدت میں کمی نہیں آئی، گیس کے حجم کی وجہ سے بورہول میں مزید اضافہ ہوا اور گرم پانی کا رساؤ جاری ہے۔