• KHI: Fajr 4:43am Sunrise 6:03am
  • LHR: Fajr 3:59am Sunrise 5:25am
  • ISB: Fajr 3:58am Sunrise 5:28am
  • KHI: Fajr 4:43am Sunrise 6:03am
  • LHR: Fajr 3:59am Sunrise 5:25am
  • ISB: Fajr 3:58am Sunrise 5:28am

ٹانک: ریسکیو 1122 کے زیر تعمیر دفتر پر دستی بم سے حملہ، 7 مزدور زخمی

شائع April 14, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں ریسکیو 1122 کی زیر تعمیر دفتر پر دستی بم حملے کے نتیجے میں وہاں کام کرنے والے 7 مزدور زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ٹانک کے علاقے وزیر آباد میں نامعلوم افراد کی جانب سے ریسکیو 1122 کی زیر تعمیر عمارت پر دستی بم سے حملہ کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دستی بم حملے کے نتیجے میں وہاں کام کرنے والے 7 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا، اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی مزدوروں میں اکثریت کا تعلق ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل پہاڑ پور سے ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر ٹانک تنویر خان خٹک فوری طور پر ہسپتال پہنچ گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق 2 موٹر سائیکل سواروں نے بلڈنگ کے اندر کچھ رکھا اور پھر بھاگ گئے جس کے چند منٹ بعد زوردار دھماکا ہوگیا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے پی آر او بلال احمد فائضی نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹانک میں ریسکیو 1122 کے دفتری امور کرائے کی عمارت سے انجام دیے جارہے ہیں، جبکہ صوبے میں دیگر مقامات کی طرح یہاں کے لیے نئی عمارت زیر تعمیر ہے، جسے نامعلوم شدت پسندوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 اپریل 2025
کارٹون : 22 اپریل 2025