کوہاٹ: شیخان کے علاقے میں کھیل کے دوران دستی بم پھٹنے سے 2 بچے جاں بحق، 2 زخمی
صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ کے علاقے شیخان میں دستی بم پھٹنے سے 2 بچے جاں بحق، جب کہ دیگر شدید زخمی ہوگئے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق صدر پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ جمعہ کے روز بچے ایک خالی پلاٹ میں دستی بم سے کھیل رہے تھے جب اس میں دھماکا ہوگیا، محلہ مرتضیٰ خیل کے ندیم شاہ نے پولیس کو اطلاع دی کہ 11 سالہ سلیمان اور 12 سالہ محمد قاسم موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
دو بھائی 12 سالہ عذیفہ اور 7 سالہ معاذ شدید زخمی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو 1122 ایمبولینس کو طلب کرلیا، جس نے جاں بحق افراد اور زخمیوں کو کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردیا۔
ریجنل پولیس افسر (آر پی او) عباس مجید مروت اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) ڈاکٹر زاہد اللہ خان نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور علاقے میں دستی بم ملنے کی تحقیقات کا حکم دیا۔
لاپتا افغان بچے کی مسخ شدہ لاش مل گئی
دریں اثنا گزشتہ کئی روز سے لاپتا ایک افغان پناہ گزین کی مسخ شدہ لاش جمعہ کے روز جنگل خیل کے پہاڑی علاقے سے مل گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیمپ نمبر 3 کے رہائشی طارق کے والد وقار نے پولیس کو اطلاع دی کہ ان کا بیٹا دوستوں کے ساتھ باہر گیا تھا لیکن واپس نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے رشتہ داروں اور وقار کے دوستوں سے رابطہ کیا، جنہوں نے کہا کہ انہوں نے بھی کئی دنوں سے اسے نہیں دیکھا ہے۔
پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔