خیبرپختونخوا: مالاکنڈ میں ’نامعلوم نوعیت‘ کا دھماکا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
خیبر پختونخوا کے ڈویژن مالاکنڈ میں لیویز چوکی کے قریب سڑک پر دھماکا ہوا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ (اے ڈی سی) محب اللہ نے بتایا کہ ایک دھماکا ہوا ہے، تاہم انہوں نے جانی نقصان نہ ہونے کی تصدیق کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں کسی قسم کا کوئی دھماکا خیز مواد استعمال نہیں کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محب اللہ نے مزید کہا کہ دھماکا خطرناک نہیں تھا اور علاقے میں کوئی خوف یا خطرہ نہیں ہے۔
حکام کے مطابق دھماکے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا یہ دیسی ساختہ بم، گیس کے اخراج یا کسی اور وجہ سے ہوا۔
واضح رہے کہ ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس میں سیکیورٹی اہلکاروں کو اکثر نشانہ بنایا جاتا ہے، نومبر 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے حکومت کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ توڑنے کے بعد حملوں میں تیزی سے اضافہ ہوا۔