سیف علی خان کی جانب سے ہوٹل حملہ کیس میں ملائیکا اروڑا کے وارنٹ جاری

شائع April 8, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بھارتی شہر ممبئی کی مقامی عدالت نے بولی وڈ اسٹار سیف علی خان کی جانب سے ہوٹل میں مبینہ حملہ کرکے دو افراد کو زخمی کرنے کے کیس میں اداکارہ ملائیکا اروڑا کے قابل ضمانت وارنٹ دوبارہ جاری کردیے۔

’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق ممبئی کی عدالت نے رواں برس فروری میں بھی پہلی بار ملائیکا اروڑا کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیےتھے اور اب 7 اپریل کو دوبارہ بھی ان کے وارنٹ جاری کیے گئے۔

ملائیکا اروڑا کو حملے کیس میں بطور گواہ مسلسل پیش نہ ہونے پر وارنٹ جاری کیے گئے جبکہ ان کی جانب سے عدالت میں پیش نہ ہونے کی درخواست بھی دائر نہیں کی گئی۔

اسی کیس میں سیف علی خان سمیت دیگر اداکار بھی بطور گواہ پیش ہونے تھے لیکن انہوں نے پیشی سے استثنیٰ کی درخواست دی تھی، تاہم ملائیکا اروڑا نے ایسا نہیں کیا تھا، جس پر ان کے وارنٹ جاری کیے گئے۔

اب اسی کیس کی سماعت اپریل کے اختتام پر ہوگی اور ملائیکا اروڑا کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

مذکورہ کیس فروری 2012 میں پیش آنے والے واقعے کا ہے، جس میں سیف علی خان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک ہوٹل میں رات کے کھانے کے وقت بیرون ملک کاروبار کرنے والے بھارتی صنعت کاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

سیف علی خان پر الزام ہے کہ انہوں نے ہوٹل میں کھانے کے دوران اقبال شرما نامی صنعت کار پر حملہ کردیا تھا جب کہ انہوں نے شہری کے سسر پر بھی مبینہ حملہ کیا تھا۔

واقعے کے بعد صنعت کاروں نے سیف علی خان کے خلاف مقدمہ دائر کروایا تھا، جس پر پولیس نے انہیں تین دوستوں کے ہمراہ گرفتار کرلیا تھا اور بعد ازاں سیف علی خان نے ضمانت کروالی تھی۔

مذکورہ کیس گزشتہ 13 سال سے زیر سماعت ہے، سیف علی خان کا کہنا ہے کہ مذکورہ صنعت کاروں نے ان کے ساتھ موجود خواتین کے لیے نامناسب زبان استعمال کی تھی، جس پر انہیں غصہ آیا۔

سیف علی خان مذکورہ ہوٹل میں کرینہ کپور سے شادی کرنے کے کچھ عرصے بعد دوستوں کے ہمراہ گئے تھے، ان کے ساتھ ملائیکا اروڑا، ان کی بہن امریتا اروڑا اور کرشمہ کپور سمیت دیگر اداکارائیں بھی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2025
کارٹون : 25 دسمبر 2025