• KHI: Fajr 4:39am Sunrise 6:00am
  • LHR: Fajr 3:54am Sunrise 5:21am
  • ISB: Fajr 3:53am Sunrise 5:23am
  • KHI: Fajr 4:39am Sunrise 6:00am
  • LHR: Fajr 3:54am Sunrise 5:21am
  • ISB: Fajr 3:53am Sunrise 5:23am

ہری پور: تربیلہ ڈیم کے دلدل میں کشتی میں پھنسے تمام 130 مسافروں کو ریسکیو کرلیا گیا

شائع April 6, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

تربیلہ ڈیم میں مسافروں سے بھری کشتی دلدل میں پھنس گئی تاہم ضلعی انتظامیہ نے کشتی میں سوار خواتین اور بچوں سمیت تمام 130 مسافروں کو ریسکیو کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق تربیلہ ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کے باعث مسافروں سے بھری کشتی دلدل میں پھنس گئی۔

کشتی مسافروں کو لے کر تورغر سے ہری پور آرہی تھی اور چاندنی چوک کے مقام پر دلدل میں پھنس گئی، کشتی میں خواتین اور بچوں سمیت 130 مسافر سوار تھے جو ریسکیو آپریشن میں تاخیر کی وجہ سے 4 گھنٹے تک پھنسے رہے۔

مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈنڈوں اور رسیوں کی مدد سے کشتی کو دلدل سے نکالنے کی کوشش کی۔

بعدازاں ضلع انتظامیہ نے ڈان نیوز کی خبر کا نوٹس لے لیا جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر اور ریسکیو ٹیمیں تربیلہ جھیل کی جانب روانہ کردی گئی تھیں۔

ریسکیو اداروں کی جانب سے کئی گھنٹوں تک جاری آپریشن کے بعد تمام مسافروں کو ریسکیو کرلیا گیا اور انہیں بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

ہری پور کے ڈپٹی کمشنر شوزاب عباس کے مطابق تمام مسافروں کو کامیابی کے ساتھ ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

اس سے قبل، شوزاب عباس نے بتایا تھا کہ کشتی میں پھنسے ہوئے مسافروں کو ریسکیو کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے اور دوپہر 2 بجے شروع ہوا اور غروب آفتاب سے پہلے ختم ہوا، اس دوران مسافروں کو کھانا بھی فراہم کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیم اور ایک ریونیو افسر نے آپریشن میں حصہ لیا جس کی نگرانی ہری پور کے اسسٹنٹ کمشنر محمد حمزہ عباس کر رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ہری پور کے مطابق واقعے کی ممکنہ وجہ اوور لوڈنگ تھی، ان کا کہنا تھا کہ کشتی مالکان اور آپریٹرز کو واضح ہدایات دی گئی تھیں کہ وہ اوورلوڈنگ سے گریز کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشتی پر زیادہ سے زیادہ 70 افراد کو سوار ہونے کی اجازت تھی یہاں دوگنی تعداد میں لوگوں کو بٹھایا گیا تھا۔

مزید کہا ’کشتی آپریٹر سمیت دیگر عملے کو حراست میں لے لیا گیا ہے جب کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 26 اپریل 2025
کارٹون : 25 اپریل 2025