ملتان: نازیبا ویڈیوز بناکر بلیک میل کرنیوالا عامل قتل، 2 خواتین سمیت 5 ملزمان گرفتار
ملتان پولیس نے تحصیل جلال پور پیروالا میں عامل کو قتل کرنے والے 5 افراد کو گرفتار کرلیا، ملزمان میں 2 خواتین بھی شامل ہیں، جن کا کہنا ہے کہ مقتول ان کی نازیبا ویڈیوز بناکر انہیں بلیک میل کر رہا تھا۔
ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق جلال پور پیر والا کے علاقے ظاہر پیر چوک کا رہائشی ریاض حسین 24 مارچ کو لاپتہ ہوا تھا، اور اس کے بیٹے غضنفر کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ سٹی میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، ریاض بعد ازاں چاہ یوسف والا کے قریب مردہ پایا گیا، اور پولیس نے مقدمے میں قتل کے الزامات کا اضافہ کیا۔
سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے اغوا اور قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی تھی۔
پولیس کی ٹیم نے ایک مشتبہ شخص نادر سے پوچھ گچھ کی، جس نے ریاض کو تعویذ بنانے کے لیے بلایا تھا، کیوں کہ وہ کچھ غیر یقینی حالات کا سامنا کر رہا تھا، بعد ازاں ملزم نے اپنے کزن عامر، جمیل، شہناز اور آسیہ کے ساتھ مل کر عامل ریاض حسین کو قتل کرنے کے جرم کا اعتراف کرلیا۔
ملزم نے تفتیشی ٹیم کو بتایا کہ ریاض ان کی دو کزنز کو بلیک میل کرنے میں ملوث تھا۔
نادر نے کہا کہ مقتول کالا جادو کرنے میں ملوث تھا اور اس نے ان سے جادو ہٹانے کے بہانے خواتین کی قابل اعتراض ویڈیوز ریکارڈ کیں، نادر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ عامل ریاض ان کے رشتہ داروں کو بلیک میل کر رہا تھا اور ویڈیوز کو حذف کرنے کے لیے بھاری رقم کا مطالبہ کر رہا تھا۔
ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ اس نے اور اس کے کزن جمیل نے اسے قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی اور اسے اپنے گھر بلایا، جہاں انہوں نے پہلے اس کے موبائل سے ویڈیوز برآمد کیں جس کے بعد اس کا گلا گھونٹ کر اس کی لاش کو ویران جگہ پر پھینک دیا تھا۔
سی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس نے ان خواتین کی ویڈیوز بھی برآمد کیں، جنہیں عامل بلیک میل کر رہا تھا۔